سابق بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نانا پٹولے کانگریس میں شامل
مہاراشٹر سے بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ نانا پٹولے نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے جس کا کانگریس صدر راہل گاندھی نے استقبال کیا ہے۔
بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ نانا پٹولے نے نریندر مودی کی ملک مخالف پالیسیوں اور کسانوں کو نظر انداز کیے جانے سے مایوس ہو کر آخر کانگریس کا دامن تھام لیا۔ اس سے قبل 4 جنوری کو انھوں نے کہا تھا کہ وہ جلد ہی باضابطہ طور پر کانگریس میں شامل ہوں گے۔ انھوں نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میں دلتوں سے جڑے تنازعات کی وجہ سے کانگریس میں شامل ہونے میں تاخیر ہوئی۔ نانا پٹولے کی کانگریس میں شمولیت کے بعد پارٹی صدر راہل گاندھی نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر ان کا استقبال کیا۔
2014 کے لوک سبھا انتخابات میں نانا پٹولے نے بھنڈارا-گوندیا سیٹ سے جیت درج کی تھی لیکن گزشتہ 8 دسمبر 2017 کو انھوں نے بی جے پی حکومت پر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی اور لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے 2014 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد بی جے پی اور لوک سبھا سے استعفیٰ دینے والے نانا پٹولے پہلے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ استعفیٰ کے بعد انھوں نے مودی حکومت پر زبردست حملہ کیا تھا۔ پٹولے نے کہا تھا کہ مودی حکومت نےکسانوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے حق میں بہتر کام کیا جائے گا لیکن انھوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نے یقین دلایا تھا کہ ایم ایس سوامی ناتھ کمیٹی کی سفارشات کو نافذ کیا جائے گا تاکہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو۔ لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔‘‘ نانا پٹولے نے مودی حکومت پر جمہوری اقدار کو ختم کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔