مودی حکومت کا ’معاشی بحران‘ ممبئی ریلوے اسٹیشن حادثہ کی اہم وجہ
ممبئی کے ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن پر آج صبح ہوئے حادثہ کے لیے وزارت ریل پر ’انسانی قتل‘ کا مقدمہ چلنا چاہیے کیونکہ جب اس پل کو چوڑا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تو وزیر ریل نے ’عالمی بحران‘ کا حوالہ دے کر اس کام کے لیے منع کر دیا تھا۔ یہ الزام کسی اور نے نہیں بلکہ بی جے پی کی معاون پارٹی شیو سینا نے لگایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس حادثہ میں 22 لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ 30 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں 18 مرد اور 4 خواتین ہیں۔
اس دردناک حادثہ کی وجہ اوور برج ٹوٹنے کی افواہ بتائی جا رہی ہے۔ لیکن اس معاملے پر شیو سینا نے مرکزی حکومت کو گھیر لیا ہے۔ شیو سینا نے کہا ہے کہ اس کے ممبران پارلیمنٹ نے وزارت ریل کو خط لکھ کر اس پل کو چوڑا کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن سابق وزیر ریل سریش پربھو نے عالمی بحران کا حوالہ دیا اور اس مطالبہ کو مسترد کر دیا۔ شیو سینا ممبر پارلیمنٹ اروند ساونت اور راہل شیوالے نے 2015 اور 2016 میں وزارت ریل کو اس پل کے بارے میں لکھا تھا۔ شیو سینا ممبران پارلیمنٹ نے اسے 12 میٹر چوڑا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، شیو سینا ممبر پارلیمٹ راہل شیوالے نے پارلیمنٹ میں بھی اس ریلوے پل کا مدا اٹھایا تھا۔ اس خط کے جواب میں وزیر ریل سریش پربھو نے 20 فروری 2016 کو عالمی بحران اور پیسے کی کمی کا حوالہ دیا تھا۔ پربھو نے خط میں لکھا تھا کہ ریلوے مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ حالانکہ وزارت ریل نے شیو سینا ممبر پارلیمنٹ اروند گنپت ساونت کو لکھے خط میں ان کے مطالبہ پر مثبت عمل کی بات لکھی تھی۔
شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے مرکزی حکومت پر ’انسانی قتل‘ کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ ’’حکومت پر انسانی قتل کی ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اور وزارت ریل کے خلاف مقدمہ کرنا چاہیے۔‘‘
اس دوران آج کے ریل حادثہ کی چہار جانب سے تنقید شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے اسے انسان کے ذریعہ پیدا کیا گیا حادثہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ فیملی کے ہر شخص کے تئیں اظہار ہمدردی ظاہر کی۔ آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو نے اس حادثہ کے بعد کہا کہ ’’گزشتہ تین سالوں میں انھوں نے ریلوے کی خراب حالت پر حکومت کو کئی خطوط لکھے لیکن کسی پر بھی غور نہیں کیا گیا۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’مودی حکومت نے ریلوے جیسی دودھارو گائے کو بیمار کر دیا ہے۔‘‘
راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راجیو چندر شیکھر نے بھی اس حادثہ کو مجرمانہ قرار دیا اور کہا کہ جلد سے جلد پورے واقعہ کی جانچ کرائی جانی چاہیے تاکہ قصورواروں کو سزا دی جا سکے۔ اس حادثہ پر فلمی ستاروں نے بھی اپنے غم کا اظہار کیا اور ناراضگی بھی ظاہر کی۔ مقبول و معروف اداکار انل کپور نے اس حادثہ کے بعد کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ترقیات پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔ فلم ساز ہنسل مہتا نے بھی اس حادثہ کے لیے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتیں اسٹیشن اور دوسرے مقامات کے نام بدلنے میں مصروف ہیں لیکن ان کی حالت کو بہتر بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں ہے۔
اس درمیان مہاراشٹر حکومت کی بے حسی کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ جس اسپتال میں مہلوکین اور زخمیوں کو لے جایا گیا وہاں جب متاثرہ خاندان کے لوگ پہنچے تو انھیں زبردست تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال انتظامیہ نے سبھی مہلوکین کی تصویر اور اس پر نمبر لگا کر دیوار پر فہرست چسپاں کر رکھی ہے۔ اسپتال میں ایک طرح سے افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔