خود کو سیکولر کہنے والے اپنے ماں باپ سے انجان: بی جے پی وزیر

مودی کے وزراء کی زبان دن بہ دن گندی ہوتی جا رہی ہے۔ ایک نے ڈاکٹروں کو گولی مارنے کی بات کہہ دی تو دوسرے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے کہا کہ خود کو سیکولر کہنے والوں کو اپنے ماں باپ کا بھی پتہ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے پیر کو کرناٹک کے کوپّل میں ایک تقریب میں کہا کہ جنھیں اپنے ماں اور باپ کے خون کا پتہ نہیں ہوتا ہے وہ لوگ ہی خود کو سیکولر اور ماڈرن تصور کرتے ہیں۔ ہیگڑے نے لوگوں کو خود کی شناخت سیکولر کی جگہ مذہب اور ذات کی بنیاد پر کرنے کی بات کہی۔ ہیگڑے نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، ہم یہاں آئین بدلنے کے لیے آئے ہیں۔ اننت ہیگڑے نے کوپّل ضلع میں ’برہمن یوا پریشد‘ کی ایک تقریب میں خطاب کے دوران یہ سبھی باتیں کہیں۔

مرکزی حکومت میں اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر ہیگڑے نے کہا کہ وہ لوگ جو اپنی جڑوں سے انجان ہوتے ہوئے خود کو سیکولر کہتے ہیں ان کی خود کی کوئی شناخت نہیں ہوتی۔ انھیں اپنی جڑوں کا پتہ نہیں ہوتا، لیکن وہ دانشور ہوتے ہیں۔ ہیگڑے نے کہا کہ ایک نئی روایت شروع ہو گئی ہے جس میں لوگ خود کو سیکولر بتاتے ہیں۔ یہ مناسب نہیں ہے، انھیں خوشی ہوگی اگر کوئی یہ دعویٰ کرے کہ وہ مسلم، عیسائی، لنگایت، برہمن یا ہندو ہے۔ اس سے مجھے خوشی ہوگی کیونکہ وہ شخص اپنی رگوں میں بہہ رہے خون کے بارے میں جانتا ہے۔ لیکن مجھے یہ نہیں پتہ کہ انھیں کیا کہہ کر بلایا جائے جو خود کو سیکولر بتاتے ہیں۔

کچھ دنوں قبل بھی اننت ہیگڑے نے بی جے پی کی بیلاگوی پریورتن ریلی کے دوران کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدھارمیا کے خلاف گندے الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے سدھارمیا کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں لوگوں کے ووٹوں کی ضرورت ہے اور اس کے لیے وہ لوگوں کے جوتے تک چاٹ سکتے ہیں۔ اس معاملے میں ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔