مودی حکومت ہندو اور مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنا چاہتی ہے: اویسی

اے آئی ایم آئی ایم کے چیف نے کہا کہ بہار کے ایک۔ ایک مسلمان نے آزادی کی لڑائی میں قربانیاں دی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیرا عظم نریندر مودی ملک کے مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کشن گنج: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سپریمو اسد الدین اویسی نے آج کہا کہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) زیر قیادت نریندر مودی حکومت این آر سی اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو نافذ کر کے ہندو اور مسلمانوں کے مابین پھوٹ ڈالنا چاہتی ہے۔ جس کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اسد الدین اویسی نے یہاں ایک اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این آرسی اور سی اے اے جیسے کالے قانون کو لے کر ان کی لڑائی مرکز کی مودی حکومت سے ہے۔ حکومت قانون نافذ کر کے ہندو اور مسلم کے مابین تفریق کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی منشا کو وہ کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔


اے آئی ایم آئی ایم کے چیف نے کہا کہ بہار کے ایک۔ ایک مسلمان نے آزادی کی لڑائی میں قربانیاں دی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیرا عظم نریندر مودی ملک کے مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت بنگلہ زبان بولنے والے 500000 لوگوں کو ڈینٹیشن کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ انہیں راشٹریہ جنتادل( آرجے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو، بہار کے وزیراعلیٰ اور جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی یا پھر وزیراعظم کسی سے بھی ڈر نہیں لگتا ہے۔ وہ ڈر کی بنیاد پر کھڑے نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج یہاں آئین اور ملک کی حفاظت کے لئے کھڑے ہوئے ہیں۔ ملک کو نقصان پہچانے کا مطلب ہے انہیں نقصان پہنچانا۔


اے آئی ایم آئی ایم سپریمو نے کہا کہ ہندوستان کے آئین کو خراب کرنے کیلئے ملک بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بھی معاف نہیں کرے گا۔ آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور نتیش کمار اپنی آنکھیں بند کر کے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرل کی طرز پر بہار کی عوام وزیراعلیٰ نتیش کمار سے بھی اپیل کرتی ہے کہ ریاست میں قومی مردم شماری رجسٹر (ین پی آر) نافذ نہ ہو۔ حالانکہ نتیش کمار ابھی وزیراعظم مودی کے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں۔

غور طلب ہے کہ بہار میں حال ہی میں ضمنی انتخاب میں کشن گنج اسمبلی حلقہ سے اے آئی ایم آئی ایم امیدوار قمر الہدیٰ نے جیت درج کی ہے۔ ہدی کے جیتنے سے بہار میں پہلی بار اے آئی ایم آئی ایم کا کھاتہ کھلا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔