مودی حکومت ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم، جے پی نڈا کا دعویٰ

جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ ’’ملک کے یوم آزادی 15 اگست سے شروع ہو کر 28 اگست تک 14 دن چلی ’جن آشیرواد یاترا‘ نے 24000 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا اور اس دوران 5000 تقریبات کا اہتمام کیا گیا‘‘۔

جگت پرکاش نڈا، تصویر یو این آئی
جگت پرکاش نڈا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے مرکزی کابینہ کے نومنتخب وزراء کی ’جن آشیرواد یاترا‘ کی کامیابی کا کریڈٹ ملک کے عوام کو دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی سرکار ملک کی ہمہ جہت ترقی، عوامی فلاح و بہبود، سلامتی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔

جگت پرکاش نڈا نے سنیچر کے روز پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کے یوم آزادی 15 اگست سے شروع ہو کر 28 اگست تک 14 دن چلی ’جن آشیرواد یاترا‘ نے 24000 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا اور اس دوران 5000 تقریبات کا اہتمام کیا گیا‘‘۔


انہوں نے کہا ’’2014 میں پی ایم مودی جی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد ان کی کابینہ کا ہر رکن، ہر پل ملک کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے وقف رہا اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے عوام کا آشیر واد حکومت اور بی جے پی کو ملتا رہا ہے‘‘۔

جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ ’’گزشتہ سات برسوں میں ہم نے آفات کو مواقع میں بدلا ہے۔ خواہ کووڈ مینجمنٹ ہو، دنیا کی سب سے بڑی اور تیزی رفتارسے چلنے والی کووڈ ویکسینیشن مہم ہو، دنیا کے کسی کونے سے ہندوستانیوں کو ہر بحران سے نکالنے کی مہم ہو یا پھر ہندوستانی ثقافت کے عظیم ورثے کو بچانے اور محفوظ کرنے کی بات ہو- ملک نے دیکھا کہ حکومت نے کس طرح چیلنجز پر جیت حاصل کرتے ہوئے دنیا کو آگے بڑھنے کی راہ دکھائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔