ممتا بنرجی کی گورنر سے ملاقات سے پہلے نومنتخب ایم ایل اے کے ساتھ میٹنگ

ممتا بنرجی تقریباً چار بجے پارٹی دفتر میں میٹنگ کی صدارت کریں گی۔ وہ گورنر سے ملاقات سے پہلے اس اہم اجلاس سے خطاب کریں گی، جس میں کورونا سے متعلق ضابطوں پر بھی مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ سے ملاقات سے پہلے وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی پیر کے روز دوپہر بعد پارٹی دفتر میں نومنتخب ممبران اسمبلی کے ساتھ اہم میٹنگ کریں گی۔ جگدیپ دھنکھڑ کو بتایا گیا ہے کہ ممتا بنرجی ان سے شام سات بجے راج بھون میں ملاقات کریں گی۔ ریاست میں 292 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے الیکشن میں 213 سیٹوں پر صرف اپنے دم پر جیت حاصل کرکے اپنی پارٹی کو مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار میں پہنچانے کا کریڈٹ صرف ممتا بنرجی کو جاتا ہے۔

ممتا بنرجی نے یہ کارنامہ نندی گرام میں 10 مارچ کو الیکشن کے پرچار کے دوران زخمی ہونے کے بعد کیا۔ وہ دو روز تک اسپتال میں داخل رہیں، لیکن اس کے بعد انہوں نے وھیل چیئر کی مدد سے الیکشن کی ریلی کی کمان سنبھالی۔ اس طرح اپنے دم پر انہوں نے پارٹی کی پوری مہم کو سنبھالا، جبکہ ان کی اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس الیکشن میں اپنی پوری طاقت لگا دی تھی۔


نندی گرام سیٹ سے ممتا بنرجی کو ہراکر الیکشن جیتنے والے بی جے پی امیدوار شیوندو ادھیکاری نے کہا کہ ’’مجھے اس طرح کے بڑے نتائج کی امید نہیں تھی اور لوگوں کو ایک مرتبہ پھر مجھ پر اعتماد ظاہر کرنے کے لئے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ممتا بنرجی نے کہا ’’مجھے ڈبل ٹن (200) دینے اور ڈبل انجن بی جے پی سرکار کو مسترد کرنے کے لئے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ممتا بنرجی تقریباً چار بجے پارٹی دفتر میں میٹنگ کی صدارت کریں گی۔ وہ گورنر سے ملاقات سے پہلے اس اہم اجلاس سے خطاب کریں گی، جس میں کورونا سے متعلق ضابطوں پر بھی مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ اس بیچ الیکشن کمیشن نے ترنمول کی طرف سے نندی گرام میں پھر سے ووٹوں کی گنتی کرانے کی مانگ کو مسترد کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔