مالیگاؤں بلاسٹ : پروہت کے بعد دو اور ملزمان کو ضمانت
نئی دہلی: سال 2008 میں مالیگاؤں میں ہوئے دھماکے کے معاملہ میں دو مزید ملزمان کو ضمانت مل گئی ہے۔ عدالت نے پہلے کرنل پروہت کو ضمانت دی تھی اور اب سدھاکر چترویدی اور سدھاکر دیویدی کی ضمانت عرضی کو منظور کر لیا۔ کرنل پروہت کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد مماثلت کی دلیل کے ساتھ ان دونوں ملزمان نے بھی عرضی ضمانت داخل کی تھی۔عدالت نے دونوں ملزمان کو 5 لاکھ کی سیکورٹی اور 50 لاکھ کے ذاتی بانڈ پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ نے کرنل پروہت کو گزشتہ مہینے ضمانت دے دی تھی۔ 2008 میں ہوئے اس دھماکہ میں 6 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ پروہت کو بغیر اجازت ملک نہ چھوڑنے کی ہدایت کے ساتھ مشروط ضمانت دی گئی تھی۔ اس سے قبل اسی سال 25 اپریل کو بامبے ہائی کورٹ نے کرنل پروہت کی عرضی ضمانت کو رد کر دیا تھا ، جس کے بعدپر وہت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ضمانت کی عرضی داخل کی تھی۔ وہیں دھماکہ کی ایک اور ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ کو بامبے ہائی کورٹ نے پہلے ہی ضمانت دے دی تھی۔
واضح رہے کہ مالیگاؤں دھماکہ کی جانچ پہلے اے ٹی ایس کے ہاتھ میں تھی جس کے بعد اسے نیشنل انویسٹی گیشن (این آئی اے ) کو سونپی گئی ۔ این آئی اے نے سادھوی پرگیہ کو کلین چٹ دے دی تھی جبکہ کرنل پروہت کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ این آئی اے کا موقف تھا کہ کرنل پروہت کو ضمانت دینے کا یہ صحیح وقت نہیں ہے۔
غور طلب ہے 29 دسمبر 2008 میں مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں ہوئے بلاسٹ میں 6 لوگ مارے گئے تھے جبکہ 79 لوگ شدید طورپر زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملہ میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں 14 ملزمان کے نام تھے۔ دھماکہ کے لئے آر ڈی ایکس دینے اور سازش رچنے کے الزام میں سادھوی پرگیہ اور کرنل پروہت کو گرفتار کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔