مدھیہ پردیش: بی جے پی لیڈر نے بیوی اور دو بیٹوں کے ساتھ کی اجتماعی خودکشی
مدھیہ پردیش کے ودیشا ضلع ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک لیڈر نے اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ زہریلی چیز کھا کر خودکشی کر لی۔ وہ اپنے دونوں بیٹوں کی لاعلاج بیماری سے پریشان تھے
ودیشا: مدھیہ پردیش کے ودیشا ضلع ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک لیڈر نے اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ زہریلی چیز کھا کر خودکشی کر لی۔ وہ اپنے دونوں بیٹوں کی لاعلاج بیماری سے پریشان تھے۔ خودکشی کرنے سے پہلے انہوں نے فیس بک پر جذباتی پوسٹ ڈالی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کل شام بی جے پی لیڈر سنجیو مشرا اپنے خاندان کے ساتھ گھر پر تھے۔ خودکشی سے کچھ دیر پہلے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی ڈالی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے گھر کا دروازہ بند کر کے گھر والوں کے ساتھ زہریلی چیز کھا لی۔ دونوں بچوں اور میاں بیوی کو تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال لایا گیا۔ جہاں پہلے دونوں بیٹوں اور بعد میں سنجیو مشرا، پھر ان کی بیوی نے دم توڑ دیا۔ سنجیو مشرا بی جے پی کے درگا نگر کے منڈل نائب صدر اور سابق کونسلر تھے۔
کلکٹر اوماشنکر بھارگو نے کہا کہ سنجیو مشرا کے بچوں کو لاعلاج بیماری تھی۔ جیسا کہ انہوں نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں لکھا ہے ’’میں بچوں کونہیں بچا پا رہا ہوں، میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتا۔‘‘ انہوں نے دروازہ بند کیا اور سلفاس کھا لیا۔ فیس بک پر ڈالی گئی پوسٹ کو دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دروازہ توڑ کر تمام کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی موت واقع ہو گئی۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔