عام انتخابات: دوسرے مرحلہ میں 61 فیصد سے زیادہ پولنگ

الیکشن کمیشن کے ذریعہ شام پونے چھ بجے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 12ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کی 95 سیٹوں پر انتخابات میں اوسط 61.12 فیصد پولنگ ہوئی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 95 سیٹوں کے لئے ہوئے انتخابات میں آج ساڑھے پانچ بجے تک تقریباً 61 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ شام پونے چھ بجے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 12ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کی 95 سیٹوں پر انتخابات میں اوسط 61.12 فیصد پولنگ ہوئی۔

بنگلورو میں پولنگ
بنگلورو میں پولنگ

اوڈیشہ میں لوک سبھا کی سیٹوں کے ساتھ اسمبلی کی 35سیٹوں کے لئے بھی ووٹ ڈالے گئے۔ کمیشن کے مطابق مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 75.27فیصد پولنگ ہوئی۔ منی پور میں 74.69، آسام میں 73.32، پڈوچیری میں 72.0، چھتیس گڑھ میں 68.70، کرناٹک میں 61.80، تملناڈو میں 61.52، بہار میں 58.14، اترپردیش میں 58.12، اوڈیشہ میں 57.41، مہاراشٹر میں 55.37اور جموں وکشمیر میں سب سے کم 43.37فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

علی گڑھ میں پولنگ
علی گڑھ میں پولنگ

مغربی بنگال میں پہلے مرحلہ کی پولنگ میں بھی 81 فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی تھی اور کچھ علاقوں میں سیکورٹی کے نظریہ سے دوپہر تین بجے تک اور کچھ پر چار بجے تک ہی ووٹ ڈالنے کا وقت مقرر تھا۔ کچھ سیٹوں پر شام پانچ بجے پولنگ ختم ہوگئی جبکہ کچھ پر 6بجے تک ووٹ ڈالے جانے تھے۔ تملناڈو کے مدورئی حلقہ میں رات 8بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔

سری نگر میں پولنگ
سری نگر میں پولنگ

مقررہ پروگرام کے مطابق دوسرے مرحلہ میں 13 ریاستوں کی 97 لوک سبھا سیٹوں پر پولنگ ہونی تھی لیکن تملناڈو کے ویلور میں انکم ٹیکس کے چھاپے میں 11کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برامد ہونے کے بعد پولنگ منسوخ کردی گئی تھی۔ اس کے علاوہ تریپورہ میں سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر مشرقی تریپورہ سیٹ پر الیکشن ملتوی کردیا گیا تھا اور و ہاں تیسرے مرحلہ میں 23اپریل کو پولنگ ہوگی۔
دوسرے مرحلہ میں مجموعی طورپر 1596امیدوار انتخابی میدان میں ہیں اور تقریباََ 15.5کروڑ رائے دہندگان ہیں۔

امپھال میں پولنگ
امپھال میں پولنگ

ان سیٹوں کے لئے ایک لاکھ 80ہزار سے زیادہ پولنگ مراکز بنائے گئے تھے۔ اس مرحلہ میں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، بی جے پی کی لیڈر ہیما مالنی، ڈی ایم کے کے لیڈر دیاندھی مارن، کانگریس کے راج ببر، مہاراشٹر کے سابق وزیراعلی اشوک چوان اور ڈی ایم کے لیڈر کنی موجھی جیسے کئی اہم امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

چنئی میں پولنگ
چنئی میں پولنگ

اس مرحلہ میں تملناڈو کی 38سیٹوں، کرناٹک کی 14، مہاراشٹر کی دس، اترپردیش کی آٹھ اور بہار ، اوڈیشہ اور آسام کی پانچ پانچ ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال کی تین تین ، جموں وکشمیر کی دو اور منی پور اور پڈوچیری کی ایک ایک سیٹ کے لئے الیکشن ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔