لوک سبھا انتخابات: دہلی میں ووٹوں کی گنتی سات مراکز پر ہوگی
ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے شروع ہوگی۔ سب سے پہلے ڈاک سے موصول ہونے والے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ اس مرتبہ نتائج میں پانچ سے چھ گھنٹے کی تاخیر ہوسکتی ہے۔
نئی دہلی: دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں کے لئے 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے لئے سات مراکز بنائے گئے ہیں۔ چاندنی چوک سیٹ کی ووٹوں کی گنتی ایس کے وی اور شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ کے لئے ووٹوں کی گنتی نند نگری میں واقع آئی آئی ٹی میں کی جائے گی۔
مشرقی دہلی سیٹ کے لئے ووٹوں کی گنتی کامن ویلتھ کھیل گاؤں احاطے کے بیڈمنٹن کورٹ میں کی جائے گی۔ نئی دہلی پارلیمانی سیٹ کے ووٹوں کی گنتی نئی دہلی کے گول مارکیٹ میں واقع این پی بنگالی گرلس سینئر سیکنڈر ی اسکول میں ہوگی۔
شمال مغرب دہلی سیٹ کے لئے ووٹوں کی گنتی شاہ آباد دولت پور کے ڈی ٹی یو میں اور مغربی دہلی کی انٹیگریٹیڈ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سیکٹر نو اور جنوبی دہلی کی اگست کرانتی مارگ سری فورٹ کے جیجا بائی آئی ٹی آئی فار وومن میں کی جائے گی۔
ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے شروع ہوگی۔ سب سے پہلے ڈاک سے موصول ہونے والے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ اس مرتبہ نتائج میں پانچ سے چھ گھنٹے کی تاخیر ہوسکتی ہے۔ پہلے ای وی ایم کے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ووٹر ویری فائیبل پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پیٹ) کی گنتی کی جائے گی۔
دہلی کے چیف الیکٹورل افسر رن بیر سنگھ نے بتایا کہ دہلی میں 70 اسمبلی حلقے ہیں اور ہر اسمبلی حلقہ کی پانچ ای وی ایم کی وی وی پیٹ مشینوں کی پرچی سے ملایا جائے گا۔ وی وی پیٹ کی پرچیوں کوملانے کا کام ای وی ایم کی گنتی کے بعد شروع ہوگی۔
سنگھ نے بتایا کہ ہر اسمبلی میں دو سو پولنگ مراکز کی فہرست تیار کی گئی ہے اور ان میں سے ہی پانچ پولنگ مراکز کو ملانے کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ اس عمل کی وجہ سے رسمی نتائج اعلان کرنے میں تاخیر ہوگی لیکن رجحانات کا پہلے ہی پتہ چل جائے گا۔ دہلی کی ایک لوک سبھا سیٹ کے تحت دس اسمبلی حلقے آتے ہیں اور ووٹوں کی گنتی کے مرکز پر ہر اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی الگ الگ ہال میں ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔