لوک سبھا انتخابات: اسمرتی ایرانی کے حلقے کا ایک گاؤں سڑک نہ بننے سے ناراض! انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
الپی تیواری گرام سبھا میں واقع ’سرمیں پوروا‘ گاؤں کے باہر ’روڈ نہیں تو ووٹ نہیں‘ کا بینر لگا ہے، گزشتہ ہفتے سنگرام پور تحصیل کے بھوانی پور گاؤں کے لوگوں نے بھی ایسا ہی بینر لگایا تھا
مرکزی وزیر اور بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی کے لوک سبھا حلقہ امیٹھی کی گوری گنج تحصیل میں واقع ایک گاؤں میں سڑک کی تعمیر نہ ہونے سے ناراض گاؤں کے لوگوں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
امیٹھی کی گوری گنج تحصیل کے جامو وکاس کھنڈ (ڈیولپمنٹ بلاک) کے الپی تیواری گرام سبھا میں واقع ’سرمیں پوروا‘ کے لوگوں نے گاؤں کے باہر ایک بینر لگایا ہے، جس پر ’روڈ نہیں تو ووٹ نہیں‘ نعرے کے ساتھ ’لیڈرو، شرم کرو‘ لکھا ہوا ہے۔ اس معاملے میں ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تملیسائی سوندرراجن کا استعفیٰ منظور
سرمیں پوروا گاؤں کے رہنے والے اوم پرکاش اوجھا نے بتایا کہ ’’گاؤں میں آنے جانے کے لیے پختہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے بہت مشکل ہوتی ہے اور بارش کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’حالات یہ ہیں کہ گاؤں کے لوگ اپنے بچوں کی شادیاں کسی اور جگہ سے کرانے پر مجبور ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ گاؤں سے پانی نکالنے کا کوئی نظام نہیں ہے۔ پینے کے پانی کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں ہے اور جل جیون مشن کے تحت ہر گھر تک نل کا پانی فراہم کرنے کی اسکیم بھی اس گاؤں تک نہیں پہنچی ہے۔ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی گزشتہ پانچ سالوں سے یہاں سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ گاؤں کے ایک اور رہائشی رام ابھیلاش کا کہنا ہے کہ ’’مقامی لوگ اپنے نمائندوں سے شکایت کرتے رہے لیکن کسی نے نہیں سنی۔ مسلسل نظر اندازی سے تنگ آکر گاؤں والوں نے اب پوری طرح سے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ جب تک مسائل حل نہیں ہو جاتے وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔‘‘
اس بارے میں دریافت کرنے پر گوری گنج کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ’’انہیں اس معاملے کی اطلاع ملی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جانچ کے بعد مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سنگرام پور ڈیولپمنٹ بلاک کے بھوانی پور گاؤں کے لوگوں نے بھی ’روڈ نہیں تو ووٹ نہیں‘ کا بینر لگایا تھا۔ جس کے بعد مقامی انتظامہ نے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ناراض لوگوں کو خاموش کرایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔