عام انتخابات LIVE: نریندر مودی تشدد کے فلسفے پر عمل کرتے ہیں، گاندھی کے فلسفے پر نہیں... راہل
مودی تشدد کے فلسفے پر عمل کرتے ہیں گاندھی کے نہیں: راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج پریس کانفرنس میں ایک طرف جہاں نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں دوسری طرف 23 مئی کو برآمد ہونے والے انتخابی نتائج کے تئیں وہ کافی پرامید نظر آئے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے پی ایم مودی کے حوالے سے کہا کہ ’’نریندر مودی جی کی فلاسفی تشدد کی فلاسفی ہے۔ وہ گاندھی جی کی فلاسفی کو نہیں مانتے۔‘‘ میڈیا کے ذریعہ یہ پوچھے جانے پر کہ اگر این ڈی اے کو کم سیٹیں آتی ہیں تو کانگریس کی طرف سے پی ایم کون ہوگا، راہل گاندھی نے جواب دیا کہ ’’جنتا مالک ہے، جو آرڈر جنتا دے گی ہم وہی کریں گے۔ 23 مئی کو الیکشن کا نتیجہ آ جائے گا، اس دن تک انتظار کیجیے۔‘‘
بنگال میں لاکھوں روپے کی نقدی کے ساتھ بی جے پی لیڈر سمیت چار گرفتار
کولکاتا: مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں پولس نے 24 لاکھ سے زائد کی نقدی کے ساتھ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے ایک لیڈر سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس ریاست میں عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 19 مئی کو جنوبی 24 پرگنہ سیت 9 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پولس نے جمعہ کو بتایا کہ کل رات تقریباً 10 بجے بروئی پور ڈویژن کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری منٹو ہلدر، سرسوتی ہلدر اور نمیتا کے ساتھ کار سے کہیں جارہے تھے۔ اس دوران باکو تُلّا پولس تھانہ کے تحت بہرو گھاٹ میں ان کی کار کو روک کر تلاشی لی گئی اور کار سے 24 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی برآمد کی گئی۔ کار ڈرائیور سمیت چاروں لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
چاروں کو آج بروئی پور عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ بی جے پی کے ضلعی صدر سندیپ داس نے کہا کہ پارٹی کا برآمد شدہ نقدی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ہلدر ایک کاروباری ہیں۔ وہ بیڑی اور کیبل آپریٹر کے کام سے منسلک ہیں۔
مرزا پور: پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں امنڈی لوگوں کی زبردست بھیڑ
اتر پردیش کے مرزا پور میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا روڈ شو شروع ہو چکا ہے اور اس میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پرینکا گاندھی مرزا پور میں کانگریس امیدوار للتیش پتی ترپاٹھی کی حمایت میں روڈ شو کر رہی ہیں۔ للتیش اس روڈ شو میں پرینکا گاندھی کے ساتھ موجود ہیں۔
مودی کو فتحیاب کرانے کے لیے وارانسی میں لوگوں کو دی جا رہی دھمکی: مایاوتی
بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم نریندر مودی کو وارانسی میں ہر حال میں فتحیاب کرانے کی کوشش میں وہاں کی ہر گلی و گھر گھر میں جو باہری لوگوں کے ذریعہ سے پہلے لالچ اور پھر دھمکی وغیرہ دی جا رہی ہے، اس سے وہاں الیکشن آزادانہ اور غیرجانبدار کیسے ہو پائے گا؟ الیکشن کمیشن کی، بنگال کی طرح وارانسی پر نظر کیوں نہیں ہے؟‘‘
دہلی کی چاندنی چوک سیٹ کے پولنگ بوتھ نمبر 32 پر دوبارہ ہوگی ووٹنگ
الیکشن کمیشن نے دہلی کی چاندنی چوک سیٹ پر 12 مئی کو ہوئی پولنگ سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے چاندنی چوک کے پولنگ اسٹیشن نمبر 32 پر ہوئی پولنگ کو رد کرتے ہوئے یہاں دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس پولنگ اسٹیشن پر اب 19 مئی کو دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔