عام انتخابات LIVE: پی ایم مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے پر بی ایس پی حامیوں کی پٹائی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

16 May 2019, 5:47 PM

پی ایم مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے پر بی ایس پی حامیوں کی پٹائی

اتر پردیش کے چندولی میں پی ایم مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے پر بی جے پی کارکنوں نے بی ایس پی حامیوں کی پٹائی کر دی ہے، اس مارپیٹ میں بی ایس پی کے کئی حامیوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ بی جے پی کارکنان بی ایس پی حامیوں پر پی ایم مودی کی ریلی میں شامل ہونے کے لئے دباؤ بنا رہے تھے، جب ان لوگوں نے مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے کے لئے منع کیا تو انہیں لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا۔

عام انتخابات LIVE: پی ایم مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے پر بی ایس پی حامیوں کی پٹائی
16 May 2019, 5:10 PM

الیکشن کمیشن کا جانبدار ہونا ٹھیک نہیں: اروند کیجریوال

مغربی بنگال میں بی جے پی صدر امت شاہ کے روڈ شو کے دوران ہوئے تشدد اور پھر الیکشن کمیشن کے ذریعہ ریاست میں 16 مئی کی رات سے انتخابی تشہیر پر پابندی لگائے جانے پر ہنگامہ برپا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کمیشن کے اس قدم کو پی ایم مودی کے دباؤ میں اٹھایا ہوا قدم ٹھہرا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن نے مودی جی کی ریلی کو اجازت دی اور اس کے بعد انتخابی تشہیر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبداری سے کام لے رہی ہے۔ یہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔‘‘

16 May 2019, 3:49 PM

ناتھو رام گوڈسے حب الوطن تھے، حب الوطن ہیں اور حب الوطن رہیں گے: پرگیہ ٹھاکر

مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن قرار دیا ہے۔ پرگیہ نے کہا کہ ’’ناتھو رام گوڈسے حب الوطن تھے، حب الوطن ہیں اور حب الوطن رہیں گے۔‘‘ پرگیہ نے مزید کہا کہ ’’ناتھو رام گوڈسے کو دہشت گرد کہنے والے لوگوں کو خود کے اندر دیکھنا چاہیے، ایسے لوگوں کو انتخابات میں جواب ملے گا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار اور مکّل ندھی میّم پارٹی کے سربراہ کمل ہاسن نے کہا تھا کہ ’’آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا اور اس کا نام ہے ناتھو رام گوڈسے۔‘‘


16 May 2019, 2:07 PM

انتخابی کمیشن بی جے پی کا بھائی ہے: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کے متھرا پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’گزشتہ رات ہمیں پتہ چلا کہ بی جے پی نے انتخابی کمیشن سے شکایت کی ہے۔ ہم نریندر مودی کے جلسہ کے بعد کوئی ریلی نہیں کر سکتے ہیں۔ انتخابی کمیشن بی جے پی کا بھائی ہے، پہلے یہ ایک غیر جانبدار کمیشن تھا، اب ملک میں ہر کوئی کہتا ہے کہ انتخابی کمیشن خود کو بی بی جے پی کے ہاتھوں فروخت کر چکا ہے۔‘‘

16 May 2019, 12:55 PM

الور اجتماعی عصمت دری کے قصورواروں کے خلاف ہوگی سخت کارروائی: راہل گاندھی

راجستھان کے الور اجتماعی عصمت دری معاملہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج میڈیا سے بات کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں نے اس واقعہ کے بارے میں سنا۔ میں نے اشوک گہلوت جی سے بات کی ہے۔ یہ میرے لیے سیاسی ایشو نہیں ہے۔ میں نے متاثرہ فیملی سے ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے جو کہ انھیں ملے گا۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔‘‘


16 May 2019, 12:04 PM

پوری دنیا میں مشہور ہو رہا ہے نیا لفظ ’مودی لائی‘: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر پی ایم نریندر مودی کو بالکل نئے اندازی سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے پی ایم مودی کے ذریعہ بولے جا رہے جھوٹ پر دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’مودی لائی (مودی کا جھوٹ) نیا لفظ ہے جو پوری دنیا میں مشہور ہو رہا ہے۔ اب تو ’مودی لائی‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی ہے۔ جس پر مودی کے ذریعہ بولے گئے جھوٹ کو جمع کیا گیا ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ’مودی لائیز ڈاٹ اِن‘ ویب سائٹ کا ایک لنک شیئر کیا ہے جس میں واقعتاً پی ایم مودی کے ذریعہ بولے گئے جھوٹ کو یکجا کیا گیا ہے۔

16 May 2019, 11:02 AM

مایاوتی نے کولکاتا تشدد کے لیے مودی-شاہ کو ٹھہرایا ذمہد ار، کہا ’یہ سب پی ایم کو زیب نہیں دیتا‘

کولکاتا تشدد پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ ’’امت شاہ اور ان کے لیڈر ممتا بنرجی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسا منصوبہ بند طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ یہ بے حد خطرناک عمل ہے۔ یہ سب کچھ جو ہو رہا ہے وہ ملک کے پی ایم کو زیب نہیں دیتا۔‘‘ مایاوتی نے مزید کہا کہ ’’انتخابی کمیشن نے آج (جمعرات) رات 10 بجے سے مغربی بنگال میں انتخابی تشہیر پر روک لگا دی ہے۔ رات 10 بجے سے انتخابی تشہیر پر روک اس لیے لگائی گئی کیونکہ پی ایم مودی کی آج دن میں دو ریلیاں ہیں۔ اگر انھیں روک لگانی تھی تو آج صبح سے کیوں نہیں لگائی۔ یہ نامناسب ہے اور انتخابی کمیشن دباؤ میں کام کر رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔