آخری مرحلہ: مودی، شترو، سنی دیول سمیت 918 امیدواروں کی قسمت داؤ پر

وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی بھی اس مرحلہ میں شامل ہے، اس کے علاوہ کل 918 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ رائے دہندگان ووٹنگ مشینوں میں بند کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات کے ساتیوں اور آخری مرحلہ کے لئے اتوار کی صبح 7 بجے سے ووٹنگ جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی بھی اس مرحلہ میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ کل 918 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ رائے دہندگان ووٹنگ مشینوں میں بند کریں گے۔

ساتویں اور آخری مرحلے میں 10 کروڑ ایک لاکھ 75 ہزار ووٹر 918 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، محترمہ ہرسمرت کور بادل، ہردیپ پوری، منوج سنہا، شتروگھن سنہا، انوراگ ٹھاکر، پون بنسل، کرن کھیر، میسا بھارتی، سنی دیول، شیبو شورین، آر کے سنگھ، سی پی آئی لیڈر اتل کمار انجان، مہندر ناتھ پانڈے اور انپريا پٹیل سمیت کئی اہم لیڈر شامل ہیں۔


بنارس سیٹ پر مودی کا مقابلہ کانگریس کے اجے رائے اور سماجوادی پارٹی کی شالنی یادو سے ہے۔ بہار کی پاٹلی پتر سیٹ پر مرکزی وزیر روی شنکر پرساد اور کانگریس کے شتروگھن سنہا کے درمیان مقابلہ ہے جس پر لوگوں کی نظر یں ٹکی ہوئی ہيں۔ سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس امیدوار میرا کمار کا بی جے پی کے چھیدي پاسوان سے مقابلہ ہے۔

وہیں، بکسر سیٹ سے اشونی چوبے اور آر جے ڈی کی میسا بھارتی پاٹلی پتر سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری پنجاب کی امرتسر سیٹ، منوج سنہا اتر پردیش کی غازی پور اور انوپریا پٹیل بطور اپنا دل امیدوار مرزا پور سیٹ سے میدان ہیں ہیں۔


ادھر، پنجاب کے گرداس پور سے اداکار سنی دیول بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کا مقابلہ کانگریس کے سنیل جاکھڑ سے ہے۔ اداکار روی کشن گورکھ پور سے اور کرن کھیر چنڈی گڑھ لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے صدر شیبو سورین دُمکا سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 May 2019, 9:10 AM