گوڈسے کو ’دیش بھکت‘ بتا کر پھنسی سادھوی پرگیہ، بی جے پی نے کہا ’معافی مانگو‘

کمل ہاسن کے ہندو دہشت گرد والے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے کہا کہ ’ناتھو رام گوڈسے محب وطن تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھوپال پارلیمانی حلقہ سے امیدوار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے سلسلے میں دیئے گئے بیان سے نیا تنازعہ شرو ع ہوگیا ہے۔ مالیگاؤں بلاسٹ معاملہ میں ضمانت پر باہر پرگیہ ٹھاکر اپنے اس بیان پر اپنی پارٹی میں ہی گھر گئی ہے۔

پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا آج ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ناتھو رام گوڈسے کو دیش بھکت بتا رہی ہیں۔ اس میں سادھوی نے کہا کہ گوڈسے دیش بھکت تھے اور رہیں گے۔ ان پر بولنے والے خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔ واضح رہے کہ پرگیہ ٹھاکر کمل ہاسن کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کر رہی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ناتھو رام گوڈسے اس ملک کا پہلا ہندو دہشت گرد تھا۔


خبروں کے مطابق پرگیہ نے یہ بیان مدھیہ پردیش کے آگرمالوا ضلع میں آج ہی دیا ہے۔ پرگیہ نے اس موقع پر کانگریس کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے لیڈر دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔


واضح رہے کہ ناتھو رام گوڈسے نے مہاتما گاندھی کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا اور اس کے بعد اسے پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔


ادھر، پرگیہ ٹھاکر کی پارٹی بی جے پی کی طرف سے اس کے بیان کی مذمت کی گئی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان جے وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا، ’’پرگیہ ٹھاکر کے بیان سے بی جے پی متفق نہیں ہے۔ ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس معاملہ میں پارٹی پرگیہ ٹھاکر سے وضاحت طلب کرے گی۔ ان کو اپنے اس بیان کے لئے عوامی طور پر معافی مانگنی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 May 2019, 7:10 PM