کشمیر: سردی کی شدت میں اضافہ، ڈل جھیل کے کنارے منجمد

ڈل جھیل کے ایک رہائشی نے کہا کہ بدھ کی صبح جھیل کے کنارے بھی منجمد ہوئے تھے اور سردی کی شدت کی وجہ سے لوگ کانگڑیوں کے بغیر گھروں سے باہر نکلنے کی جرأت نہیں کرپا رہے تھے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں گزشتہ چند روز سے جاری خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث جہاں سردی کی شدت میں روز افزوں ہورہے اضافے نے لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے وہیں بدھ کی صبح شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے بھی منجمد ہوگئے تھے۔ جبکہ وادی کےمشہور دہر سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ اور منفی 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے موسم کے متعلق تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں 19 سے 21 دسمبر تک مزید برف وباراں متوقع ہے۔

وادی میں فضائی و زمینی راستہ فی الحال بحال وبرقرار ہے تاہم سری نگر۔ لیہہ شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند ہے۔ وادی کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھلی ہے۔ وادی میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے اور بدھ کی صبح شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے منجمد ہوئے تھے۔ ڈل کے ایک رہائشی نے کہا کہ بدھ کی صبح جھیل ڈل کے کنارے بھی منجمد ہوئے تھے اور سردی کی شدت کی وجہ سے لوگ کانگڑیوں کے بغیر گھروں سے باہر نکلنے کی جرات نہیں کرپا رہے تھے۔

کشمیر: سردی کی شدت میں اضافہ، ڈل جھیل کے کنارے منجمد

انہوں نے کہا: امسال میں نے دیکھا کہ چلہ کلان شروع ہونے سے پہلے ہی ڈل جھیل کے کنارے شدید سردی کے چلتے منجمد ہوئے اور سردی کی شدت اس قدر ہے کہ کانگڑیوں کے بغیر لوگ گھروں سے باہر قدم رکھنے کی جرات ہی نہیں کرپارہے ہیں۔ ایک اور شہری نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کو چلہ کلان کے بیچوں بیچ محسوس کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا: موجودہ موسمی حالات کو اس وقت اس قدر تند وتیز محسوس کی جاتی تھی جب چلہ کلان عالم شباب پر ہوتا تھا لیکن امسال نہ صرف وقت سے پہلے ہی بھاری برفباری اور باربار برفباری ہوئی بلکہ سردی کی شدت نے بھی تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دو بھر ہورہا ہے۔

کشمیر: سردی کی شدت میں اضافہ، ڈل جھیل کے کنارے منجمد

غلام محمد نامی ادھیڑ عمر کے ایک شہری نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ امسال موسم سرما نے روز اول سے ہی اپنے تیکھے تیور دکھا کر لوگوں کو پریشان کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چلہ کلان کی آمد میں ایک دو دن باقی ہیں اب چلہ کلان کے دوران سردی کیسے تیور دکھائے گی اس پر کچھ کہنا قبل از وقت ہی ہوگا لیکن آثار و قرائن کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ خیر نہیں ہوگی۔ کشمیر کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔


لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔