برصغیر کی پوری تاریخ میں’ لوئی‘ جیسا کوئی کردار موجود نہیں : ڈاکٹر سید تقی عابدی
ڈاکٹر سید فاروق صاحب نے کہا کہ ’لوئی ‘نسائی قوت کا استعارہ ہے، صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے آج بھی ایسے کرداروں کی ضرورت ہے۔
بر صغیر کی پوری تاریخ میں ’لوئی‘ جیسا کردار موجود نہیں ہے، ’لوئی ‘کا کردار مشرقی خاتون کے تمام اوصاف کی نمائندگی کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار معروف اردو محقق و شاعر ڈاکٹر سید تقی عابدی نے پرتاپ سومونشی کے ڈرامے "لوئی" پر منعقد مذاکرے میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتاپ سومنشی کا یہ ڈرامہ مرد اساس معاشرے میں حقوق نسواں کے ساتھ ہی حقوق انسانی کا مطالبہ کرتا ہے۔
پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ کبیر بلا تفریق مذہب سبھی قسم کے پاکھنڈ کے خلاف ہیں۔ لوئی جیسی خواتین ہمارے سماج میں سد بدھی پیدا کر سکتی ہیں جس سے بہتر سماج کی تعمیر ممکن ہے۔صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر سید فاروق صاحب نے کہا کہ لوئی نسائی قوت کا استعارہ ہے، صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے آج بھی ایسے کرداروں کی ضرورت ہے۔
تحسین منور نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی خوبصورت تصویر عورت کے بغیر ممکن نہیں، کبیر کو مہان بنانے میں لوئی کا مرکزی کردار ہے۔ ایسے کردار سے متعارف کرانے کے لیے ہمیں پرتاپ سومونشی کا شکر گزار ہونا چاہیے ۔
پرتاپ سومونشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوئی کا کردار کبیر کو قوت عطا کرتا ہے، لوئی کے بغیر کبیر بننا ممکن نہیں تھا۔ اس لیے اس عظم خاتون کا تعارف کرانا ضروری تھا۔
پروگرام میں "لوئی" ڈرامے کے اردو مترجم ایڈوکیٹ عبد الرحمن، پرتاپ سومونشی کی اہلیہ پرتیما سومونشی، سندیپ جوشی، پروفیسر حبیب اللہ خان، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر ایم آر قاسمی، ڈاکٹر سلمان فیصل، ڈاکٹر شہنواز فیاض، ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی، ارشاد عالم اصلاحی وغیرہ موجود تھے۔
پروگرام کا انعقاد تسمیہ آڈیٹوریم میں کیا گیا جس کی صدارت آئڈیا کمیونیکیشنز کے نائب صدر ڈاکٹر سید فاروق نے کی۔ معروف اردو اسکالر ڈاکٹر سید تقی عابدی مہمان خصوصی تو سینیر صحافی تحسین منور مہمان اعزازی کے روپ میں شریک ہوئے۔ پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کلیدی خطبہ دیا تو معروف اردو صحافی سہیل انجم نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ آخر میں آئڈیا کمیونیکیشنز کے ڈایریکٹر آصف اعظمی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔