سری نگر-جموں قومی شاہراہ مسلسل چوتھے روز بند، سینکڑوں گاڑیاں درماندہ
ایس ایس پی ٹریفک پولس نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اگرچہ جواہر ٹنل پر گر آئے برفانی تودے کے ملبے کو ہٹایا جا چکا ہے لیکن سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے۔
سرینگر: وادی کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ جمعرات کو مسلسل چوتھے روز بھی ٹریفک کی نقل وحمل کےلئے بند رہی۔
یو این آئی کو ذرائع نے بتایا ’’سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر مختلف مقامات بشمول جواہر ٹنل کے آرپار قاضی گنڈ، بانہال، ناشری، شیطانی نالہ، قاضی گنڈ میں تازہ برف باری سے کئی انچ برف جمع ہوئی ہے۔ کئی ایک مقامات پر مٹی کے تودے سڑک پر گرے ہوئے ہیں۔ اس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت جمعرات کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔‘‘
ٹریفک پولس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے رام بن اور رامسو کے درمیان کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرے ہیں تاہم بارڑر روڑس آرگنائزیشن شاہراہ کو قابل آمدو رفت بنانے کے لئے جدو جہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے شاہراہ پر مٹی کے تودوں، بڑے پتھروں اور درختوں کو ہٹانے کے لئے جدید مشینوں کو کام پر لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن علاقے میں مٹی کے تودوں کا ملبہ ہٹانے والی ایک گاڑی کا ڈرائیور بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوا۔ مذکورہ ٹریفک پولس عہدیدار نے کہا کہ کشمیر کی طرف رواں دواں قریب دو ہزار گاڑیوں کو اودھم پور میں روکا گیا ہے۔
دریں اثناء ایس ایس پی ٹریفک پولس کشمیر مظفراحمد شاہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اگرچہ جواہر ٹنل پر گر آئے برفانی تودے کے ملبے کو ہٹایا جا چکا ہے اور ٹنل کے دونوں ٹیبوں کو قبل عبوربنا یا گیا ہے لیکن وہاں سڑک پر پھسلن پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کے تحفظ کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے شاہراہ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں ے کہا کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ضلع رام بن میں بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آئے ہیں۔شاہ نے مسافروں سے تاکید کی کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔ادھر خطہ لداخ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی واحد شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ گذشتہ ایک ماہ سے بند ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ماہ سرما سری نگر۔جموں قومی شاہراہ بسا اوقات بند رہنے سے اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ یہاں جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی قلت پڑ جاتی ہے تو وہیں تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں یکایک آسمان کو چھونے لگتی ہیں۔ دریں اثنا صوبائی کمشنر نے وادی کے نو اضلاع میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کو کسی بھی مشکل صورتحال سے نٹمنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایات جای کی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔