ہندوستان کے جوابی ردعمل نے ظاہر کیا ہے کہ ملک کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا: جے شنکر
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ’’ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جو کسی کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اور اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا‘‘
چنئی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتے کے روز کہا کہ پاکستان سے نکلنے والی دہشت گردی اور چین کے ساتھ جارحانہ سرحد پر جھڑپوں کے خلاف ہندوستان کے جوابی ردعمل نے یہ ظاہر کیا ہے کہ ملک کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ 2019 کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے جواب میں فضائیہ کے بالاکوٹ حملے کے ذریعے ایک بہت اہم پیغام دیا گیا تھا۔
یہاں چنئی میں سنیچر کی شام تمل ہفتہ روزہ 'تغلق' کی 53 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا، ’’چین آج شمالی سرحدوں پر بڑے پیمانے پر فوج لا کر ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کورونا کے باوجود ہمارا جوابی ردعمل مضبوط اور پرعزم تھا۔ ہزاروں کی تعداد میں تعینات ہمارے فوجیوں نے دشوار گزار علاقوں میں ہماری سرحدوں کی حفاظت کی اور وہ پوری تیاری کے ساتھ اب بھی حفاظت کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ’’قومی خوشحالی کے بہت سے پہلو ہیں اور بلاشبہ قومی سلامتی اہم بنیاد ہے۔ اس حوالے سے تمام ممالک کو آزمایا جاتا ہے لیکن ہمیں انتہا پسندی سے لے کر سرحد پار دہشت گردی تک بہت سے مسائل درپیش تھے۔ بالاکوٹ فضائی حملے نے بہت اہم پیغام دیا ہے۔‘‘
مرکزی وزیر نے کہا کہ اگر 1947 میں ملک کی تقسیم نہ ہوئی ہوتی تو چین نہیں بلکہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا ملک ہوتا۔ انہوں نے کہا ’’آپ سوچ رہے ہوں گے کہ وزیر خارجہ یہ سب کیوں کہہ رہے ہیں۔ اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران میں نے بہت سے ترقی یافتہ ممالک کو فراہم کی جانے والی ہماری کورونا ویکسین اور ہماری ٹیکنالوجی سے چلنے والی گورننس کی تعریف سنی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔