دوسرا ٹی-20 میچ: آسٹریلیا سے حساب برابر کرنے اترے گی ٹیم انڈیا
ہندوستان نے اپنی پچھلی 11 ٹوئنٹی-20 سیریز میں صرف نیوزی لینڈ سے حالیہ ٹوئنٹی -20 سیریز 1-2 سے گنوائی تھی۔ کیوی سیریز سے پہلے پچھلی 10 سیریز میں ہندوستانی ٹیم ناقابل شکست رہی تھی۔
بنگلور: آسٹریلیا نے پہلے ٹوئنٹی -20 میچ میں آخری گیند پر شکست کھانے والی ٹیم انڈیا بدھ کو بنگلور میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹوئنٹی -20 مقابلے میں سیریز برابر کرنے کے مضبوط ارادے سے اترے گی۔
ہندوستان نے وشاکھاپٹنم میں پہلا ٹوئنٹی -20 میچ آخری اوور میں گنوا دیا تھا۔ ہندوستان نے سات وکٹ پر 126 رنز بنائے تھے لیکن جسپريت بمراه کے کمال کے 19 ویں اوور نے ہندوستان کی میچ میں واپسی کرا دی تھی۔ آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیت کے لئے 14 رن چاہیے تھے اور اس کے لو آرڈر بلے بازوں نے اس اوور میں ضروری 14 رن بنا کر ہندوستان کو فتح سے محروم کر دیا تھا۔ آسٹریلیا نے یہ مقابلہ تین وکٹ سے جیتا تھا۔
ہندوستان نے اپنی پچھلی 11 ٹوئنٹی -20 سیریز میں صرف نیوزی لینڈ سے حالیہ ٹوئنٹی -20 سیریز 1-2 سے گنوائی تھی۔ کیوی سیریز سے پہلے پچھلی 10 سیریز میں ہندوستانی ٹیم ناقابل شکست رہی تھی۔
ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے وشاکھاپٹنم کی شکست کے بعد قبول کیا تھا کہ ٹیم کی بلے بازی اچھی نہیں رہی اور کھلاڑیوں کو بلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ کپتان کے اس انتباہ کے بعد ہندوستانی بلے بازوں کو بنگلور میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ٹاپ آرڈر میں شکھر دھون کی جگہ اوپننگ میں لائے گئے لوکیش راہل نے بلا شبہ نصف سنچری بنائی تھی لیکن روہت شرما کا سستے میں آؤٹ ہو نا ہندوستان کے لئے گہرا دھچکا تھا۔ مڈل آرڈر میں دنیش کارتک اور رشبھ پنت سستے میں نپٹ گئے تھے۔ ہندوستان کو مڈل آرڈر کی بلے بازی کو بہتر کرنا ہوگا جو اس کے لئے گزشتہ چند سالوں میں سر درد رہی ہے۔ اگر شکھر کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو روہت کو آرام مل سکتا ہے یا پھر راہل کو مڈل آرڈر پر جانا پڑ سکتا ہے۔
یہ دو میچوں کی سیریز ہے اس لئے ٹیم میں زیادہ تبدیلی کی گنجائش نہیں نظر آتی ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم کی بنیادی توجہ اس کے بعد ہونے والی پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز پر ہے۔ ہندوستانی آل راؤنڈر كرونال پانڈیا نے میچ کی شام اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹیم واپسی کرے گی اور سیریز میں برابری حاصل کرے گی۔
ہندوستان نے جنوری 2008 میں آسٹریلیا سے میلبورن میں واحد ٹوئنٹی -20 میچ گنوانے کے بعد آسٹریلیا سے کوئی دو طرفہ ٹوئنٹی -20 سیریز نہیں گنوائی ہے اور ہندوستان اس ریکارڈ کو بنگلور میں فتح حاصل کر ہی برقرار رکھ سکتا ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں پہلی بار ٹوئنٹی -20 میچ کھیلیں گیں۔
دونوں ٹیموں کو اس سیریز کے بعد پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلنی ہے اور دونوں ہی ٹیمیں بلند حوصلے کے ساتھ ون ڈے سیریز پر جانا چاہیں گی۔ ہندوستان جہاں برابری کرنا چاہے گا وہیں آسٹریلیا کی نظریں سیریز کو 2-0 سے جیتنے پر لگی ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آسٹریلیا میں کھیلی گئی گزشتہ ٹوئنٹی -20 سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Feb 2019, 7:10 PM