مالیگاؤں بم دھماکہ: سادھوی پرگیا اور کرنل پروہت سے ’مکوکا‘ ہٹایا گیا

2008 میں ہوئے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے سادھوی پرگیا ٹھاکراور کرنل شری کانت پروہت سے مکوکا ہٹانے کا حکم دیا ہے۔اب دونوں کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات کے تحت کیس چلے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں 2008 میں ہوئے بم دھماکہ معاملے میں کرنل شری کانت پروہت اور سادھوی پرگیا ٹھاکر سے عدالت نے مکوکا ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ اب دونوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی، 302، 307، 304، 326، 427، 153 اے کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے شیام ساہو، پروین ٹکلکی اور رام چندر کالسانگرا کو بری کر دیا ہے۔ فی الحال کیس سے جڑے سبھی ملزمین ضمانت پر باہر ہیں۔ بمبئی ہائی کورٹ نے اسی سال کے آغاز میں پرگیا سنگھ ٹھاکر کو ضمانت دی تھی جب کہ کرنل شری کانت پروہت کو سپریم کورٹ نے گزشتہ اگست میں ضمانت دے دی۔ معاملے کی آئندہ سماعت 15 جنوری 2018 کو ہوگی۔

29 ستمبر 2008 کو مالیگاؤں میں انجمن چوک پر موٹر سائیکل میں ہوئے بم دھماکے میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس دھماکے میں 100 سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ دھماکے بعد یہاں کے آزاد نگر پولس تھانہ میں کیس درج کیا گیا۔ اس معاملے میں سادھوی پرگیا اور کرنل پروہت کو 2008 میں ہی گرفتار کیا گیا تھا۔ 21 جنوری 2009 کو پہلا فرد جرم داخل کیا گیا تھا جس میں 11 گرفتار اور تین ملزم فرار ظاہر کیے گئے تھے۔ لیکن اس کے بعد اس کیس کی جانچ قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) کے سپرد کر دی گئی۔ این آئی اے نے تقریباً چار سال کی جانچ کے بعد 31 مئی 2016 کو نئی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ پورے معاملے کی سماعت این آئی اے کی خصوصی عدالت میں چل رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔