نتیش کمار کو قومی لیڈر بناکر ہی دم لوں گا: کشواہا

اوپیندر کشواہا نے کہا کہ وہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو قومی لیڈر بناکر ہی دم لیں گے اور وہ اس مشن کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

اوپیندر کشواہا، تصویر یو این آئی
اوپیندر کشواہا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے پارلیمانی بورڈ کے قومی صدر اوپیندر کشواہا نے کہا کہ وہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو قومی لیڈر بناکر ہی دم لیں گے اور وہ اس مشن کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، اوپیندر کشواہا نے اتوار کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کہا کہ "پہلے خبر پھیلائی گئی تھی کہ اوپیندر کشواہا بہار حکومت میں وزیر بنیں گے۔ پھر کہا جا رہا ہے کہ وہ وزیر نہ بننے پر ناراض ہیں۔ ارے بھائی، آپ کو معلوم نہیں، میں مرکز ی حکومت میں وزیر تھا، مجھے وہاں سے کسی نے نہیں ہٹایا تھا، میں نے خود استعفیٰ دے دیا، جب مرکزی حکومت میں وزیر کی کرسی نے مجھے نہیں للچایا، تو پھر ریاستی حکومت میں وزیر بننا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کیا۔“

سابق مرکزی وزیر نے مزید لکھا، کہ کان کھول کر سن لیجئے، میرے دوستوں، میں مرکزی حکومت میں وزیر رہ چکا ہوں۔ میں نہ تو ابھی ریاست میں وزیر بننا چاہتا تھا اور نہ ہی مستقبل میں ایسی خواہش ہے۔ اپنے لیڈر اور پارٹی کو قومی سطح پر قائم کرنے کے لئے مشن میں مصروف ہوں اور دن رات لگا رہوں گا، فی الحال ایک نکاتی عزم صرف اور صرف یہی ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔


جے ڈی (یو) کے قومی صدر اور ایم پی راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں چاہیں تو نتیش کمار کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔ ایسے میں اب اوپیندر کشواہا کے اس پوسٹ میں اسی سمت اشارہ کرتے ہوئے نتیش کمار کو قومی لیڈر بنانے کی بات کہی گئی ہے۔

ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر نتیش کمار قومی سیاست میں سرگرم ہوجاتے ہیں تو بہار کی ذمہ داری کون سنبھالے گا۔ جیسا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو اہم ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ان کے اس بیان اور اب نتیش کمار کو قومی لیڈر بنانے کے اوپیندر کشواہا کے اس بیان کے بعد یہ مانا جا رہا ہے کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادومستقبل میں عظیم اتحاد کی جانب سے بہار کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔ وہیں اوپیندر کشواہا نے ایک بار پھر ان باتوں کی تردید کی ہے کہ وہ نتیش حکومت میں وزیر نہ بننے سے ناخوش ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔