ویلنٹائن ڈے: ملک بھر میں اظہارِ محبت پر پابندیاں
آج ویلنٹائن ڈے ہے جسے دنیا بھر کے محبت کرنے والے مناتے ہیں لیکن ہندوستان میں ہر سال اس کی مخالفت کی جاتی ہے اور محبتوں پر پہرے بٹھائے جاتے ہیں۔
نئی دہلی۔ دنیا بھر میں ویلنٹائن منایا جا رہا ہے لیکن بر صغیر میں اس دن ہر سا ل تنازعہ ہوتا ہے۔ ہندوستان بھر میں قدامت پسندوں کی طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور کئی جگہ تو مار پیٹ کے واقعات تک پیش آ رہے ہیں۔
بجرنگ دل اور ہندو سینا جیسی کٹر ہندو تنظیموں کی طرف سے اظہارمحبت پر پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد نظم ونسق کی صورت حال کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے اور محبت کرنے والے جوڑے خوف کے سایہ میں ہیں۔
اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت بر سر اقتدار ہے۔ یہاں کی لکھنؤ یونیورسٹی نے تو 14 فروری کو طلباء کے کیمپس میں داخل ہونے پر ہی پابندی عائد کر دی ہے۔ اتنا ہی نہیں کیمپس میں ٹہلتے پائے جانے پر بھی تادیبی کارروائی کی تنبیہ جاری کر دی گئی ہے۔ اس فرمان کے بعد 13 فروری کو کالج میں ہنگامہ شروع ہو گیا۔ طلبہ و طالبات اس فیصلے کے خلاف احتجاج پر اتر آئے اور آخر کار یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔
ادھر احمد آباد میں قدامت پسند تنظیموں نے ویلنٹائن ڈے کو لو جہاد سے جوڑ دیا ہے۔ اس حوالے سے وہاں باقاعدہ پوسٹر چسپاں کر کے نوجوان نسل کو انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر کسی نے اس دن کو منایا تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
کولکاتہ میں کچھ تنظیموں نے ویلنٹائن ڈے کے خلاف ریلی نکالنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔ ادھر ہندو سینا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے پر پابندی لگا دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Feb 2018, 12:10 PM