بڑا سوال: پولس افسر کو یوگی کے آگے ہاتھ جوڑکر تلک لگوانے کی کیا ضرورت تھی؟
گورکھ ناتھ مندر میں یوگی آدتیہ ناتھ اپنے شاگردوں کو آشیرواد دے رہے تھے تبھی اچانک سرکل افسر پروین کماران کے سامنے آئے اور ہاتھ جوڑ کر بیٹھ گئے، انھیں تلک لگایا اور اپنا ’گرو‘ مانا۔
’گرو پورنیما‘ کے موقع پر کھینچی گئی یوگی آدتیہ ناتھ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک پولس افسر ہاتھ جوڑے اور سر جھکائے ان کے سامنے دو زانو ہے۔ یہ پولس افسر گورکھپور کے گورکھ ناتھ علاقے میں سرکل افسر ہے جس کا نام پروین کمار سنگھ ہے۔ تصویر وائرل ہونے کے بعد تنازعہ پیدا ہو گیا ہے اور لوگ کہنے لگے ہیں کہ جس طرح یہ پولس افسر یوگی کے سامنے سر جھکائے اور ہاتھ جوڑے بیٹھا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولس محکمہ یو پی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے جھک گیا ہے۔
دراصل یوگی آدتیہ ناتھ گورکھ ناتھ مندر کے مہنت بھی ہیں اور جب وہ اپنے شاگردوں کو تلک لگا کر آشیرواد دے رہے تھے تو اچانک گورکھ ناتھ کے سرکل افسر پروین کمار آگے آئے اور یوگی کے سامنے دو زانو ہوتے ہوئے انھیں تلک لگایا اور ’گرو‘ مانا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے اپنے فیس بک پر اس تعلق سے کچھ تصویریں بھی پوسٹ کیں اور لکھا کہ وہ گرو پورنیما کے موقع پر سی ایم سے نہیں گورکھ ناتھ مندر کے مہنت سے آشیرواد لے رہے ہیں۔ ساتھ ہی تصویر کے ساتھ انھوں نے ’فیلنگ بلیسڈ‘ بھی لکھ ڈالا۔ لیکن اب جب کہ تصویروں میں ’وردی‘ کو یوگی کے سامنے جھکتا ہوا دیکھ کر ہنگامہ برپا ہو گیا ہےتو پروین کمار نے مذکورہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔
پولس افسر کے ذریعہ یوگی آدتیہ ناتھ کو ہاتھ جوڑے جانے کا معاملہ طول پکڑنے کے بعد سماجوادی پارٹی نے بھی اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجوادی پارٹی لیڈر سنیل یادو کا کہنا ہے کہ پولس افسر کا یوگی آدتیہ ناتھ کے پیر چھونا وردی کی اہمیت کو کم کرتا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ڈی جی پی کو چاہیے کہ وہ اس پولس افسر کے خلاف کارروائی کریں۔ اگر ڈی جی پی کوئی کارروائی نہیں کرتے تو اس سے یہ صاف ہو جائے گا کہ پورا پولس محکمہ ہی ان کے (یوگی کے) قدموں میں گر چکا ہے۔‘‘
بہر حال، یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ پروین کمار سنگھ کی تین تصویریں وائرل ہو رہی ہیں جن میں پہلی تصویر میں وہ وزیر اعلیٰ کے سامنے گھٹنا ٹیکے اور ہاتھ جوڑے ہوئے ہیں، دوسری تصویر میں یوگی جی کو مالا پہنا رہے ہیں اور تیسری تصویر میں یوگی آدتیہ ناتھ اپنے سامنے جھکے پروین کمار کو تلک لگا کر اسے آشیرواد دے رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔