سری نگر سے آئے دہشت گرد، راجدھانی دہلی میں داخل، سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں دہشت گردانہ حملہ کی خبر پی ایم او کے لئے تشویش کا سبب بن گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز داخلہ سکریٹری، آئی بی کے ڈائریکٹر اور پی ایم او کے سینئر حکام نے اجلاس کر کے صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا

ہند-پاک سرحد پر فون انٹرنیٹ سے ملی معلومات، ڈرون کے ذریعے پنجاب کے سرحدی علاقے میں ہتھیار گرائے جانے، انٹر سروسز انٹیلی جنس (ISI) کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے پاک مقبوضہ کشمیر دورے سے ایسے اشارے ملے ہیں جس سے ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیوں کے کان کھڑے ہو گئے ہیں۔ اسی لئے خاص طور پر دہلی، ممبئی، جموں و کشمیر اور پنجاب میں سیکورٹی ایجنسی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔


اس کے علاوہ امریکی ایجنسی سے ملے ان پٹ کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو منسوخ کیے جانے کے بعد آئی ایس آئی اسپانسر دہشت گردانہ حملے ہو سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ میں اعلی سطحی ذرائع نے کہا کہ دہلی اور ممبئی میں تمام بڑے ایئرپورٹ، بندرگاہ، اہم تنصیبات اور سرکاری دفاتر پر سیکورٹی انتظام سخت کر دیئے گئے ہیں۔

پنجاب میں ستمبر ماہ میں ڈرون کے ذریعے ہتھیار گرائے جانے کے بعد پنجاب اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی ایجنسیوں کو پہلے ہی محتاط کیا جا چکا ہے، قومی جانچ ایجنسی (NIA) آئی ایس آئی کی سازش کا انکشاف کرنے کے لئے پنجاب پولس کے رابطے میں ہے، بتایا جاتا ہے کہ آئی ایس آئی نے ڈرون سے ہتھیار گرانے میں خالصتان حامیوں کا سہارا لیا ہے۔


دہلی میں دہشت گردانہ حملہ کی خبر پی ایم او کے لئے تشویش کا سبب بن گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز داخلہ سکریٹری، آئی بی کے ڈائریکٹر اور پی ایم او کے سینئر حکام نے اجلاس کر کے صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا ہے اور ریاستوں میں اٹھائے گئے اقدام پر غور و خوض کیا۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی حالات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ آئی بی نے بدھ کے روز الرٹ جاری کر اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ جیش کے دہشت گرد دہلی میں داخل ہو چکے ہیں اور آئندہ تیوہار کے موقع پر دہشت گردانہ واردات کو انجام دے سکتے ہیں۔


اس دوران دہلی پولس کی اسپیشل ٹیم نے کئی مقامات پر چھاپے ماری کی جس میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، حالانکہ دہلی پولس نے ان دو مشتبہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ آئی بی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کے پونچھ، بارہمولہ، کپواڑہ سے لگی پاکستان سرحد کے قریب 150 سے زیادہ دہشت گرد دراندازی کی فراق میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Oct 2019, 11:59 AM