تین طلاق قانون کی پیروکار ندا خان بی جے پی میں شامل

بی جے پی کی رکنیت اختیار کرنے والی ندا خان اسلام کے عائلی نظام کے خلاف آواز بلند کرنے و مسلم رہنماؤں کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں رہی ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ:اعلی حضرت ہیلپنگ سوسائٹی کی صدر و تین طلاق کے معاملے میں پیش پیش رہنے والی سماجی کارکن ندا خان نے اتوار کو بی جے پی کی رکنیت اختیار کرلی۔ اس دوران ایس پی لیڈر شیوچرن پرجاپتی بھی بی جے پی میں شامل ہوئے۔ بی جے پی کے سابق صدر و جوائننگ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر لکشمی کانت واجپئی نے یہاں واقع پارٹی دفتر میں ندا خان اور دیگر پارٹیوں سے آئے لیڈروں کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ ندا خان اتحاد ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا کے بھتیجے کی طلاق شدہ بیوی ہے۔

اس دوران ڈاکٹر واجپئی نے سابق وزیر شیو چرن پرجاپتی کے علاوہ بی ایس پی کے سینئر لیڈر و سابق وزیر اعلی کے چیف صلاح کار رہے گنگا رام امبیڈکر اور ایس پی کی لوہیا واہنی کے سابق صدر راکیش پال سمیت دیگر پارٹیوں کے لیڈروں کو بی جے پی میں شامل کیا۔ انہوں نے ان لیڈروں کا بی جے پی کنبے میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان سبھی کے آنے سے پارٹی کی عوامی حمایت کو تقویت ملے گی۔


ملحوظ رہے کہ بی جے پی کی رکنیت اختیار کرنے والی ندا خان اسلام کے عائلی نظام کے خلاف آواز بلند کرنے و مسلم رہنماؤں کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں رہی ہیں۔ اور گاہے بگاہے بی جے پی کا اسٹیج شیئر کرتی رہی ہیں۔

ندا کی سال 2015 میں درگاہ اعلی حضرت کے سربراہ سبحان رضا خان سبحانی کے چھوٹے بھائی عثمان رضا خان عرف انجم میاں کے بیٹے شیران رضا خان کے ساتھ شادی ہوئی تھی، لیکن جلد ہی دونوں میں طلاق ہوگئی۔ فی الحال ندا خان کا معاملہ طلاق ثلاثہ کے حوالے سے عدالت میں زیر غور ہے۔ ندا نے اعلی حضرت ہیلپنگ سوسائٹی کی تشکیل کی ہے جس کی وہ صدر ہیں اور اس کے بینر کے نیچے طلاق شدہ خواتین کی مدد کا دعوی کرتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔