فرہاد حکیم ہوں گے کولکاتا کے نئے میئر، یہاں دیکھیں عہدیداران کی پوری فہرست
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ’’یہ انتخاب جمہوریت کا تہوار تھا۔ ہم جتنا جیتیں گے اتنا ہی منکسرالمزاج بننا ہوگا۔ ٹی ایم سی میں تکبر کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ لوگوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘
کولکاتا میونسپل کارپوریشن الیکشن میں ریکارڈ کامیابی کے بعد ترنمول کانگریس لیڈران و کارکنان میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس درمیان ترنمول کانگریس سپریمو اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 134 کامیاب کونسلروں کے ساتھ مہاراشٹر نواس میں میٹنگ کی۔ میونسپل کارپوریشن ذرائع کے مطابق نومنتخب کونسلروں کی حلف برداری 27 دسمبر کو ہوگی اور 28 دسمبر کو میئر کا باضابطہ انتخاب اور حلف برداری ہوگی۔
ترنمول کانگریس کے ریاستی صدر سبرت بخشی کا کہنا ہے کہ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کا چیئرپرسن مالا رائے کو بنانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے پارٹی لیڈر کی شکل میں فرہاد حکیم کا نام سامنے آیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اتن گھوش ڈپٹی میئر ہوں گے۔
ممتا بنرجی کا جو بیان سامنے آیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ ٹی ایم سی کی جیت ہے۔ یہ ماں، ماٹی، مانش کی جیت ہے۔ سبھی لوگوں کی حمایت سے جیت ملی ہے۔ جس طرح سے پہلے کام کیا ہے، اسی طرح سے آگے بھی کام کریں گے۔ یہ انتخاب جمہوریت کا تہوار تھا۔ ہم جتنا جیتیں گے اتنا ہی منکسرالمزاج بننا ہوگا۔ ٹی ایم سی میں تکبر کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ لوگوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘
ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ’’چھ ماہ کے بعد کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے کاموں کا تجزیہ ہوگا۔ کام نہیں کرنے پر کارروائی کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی۔ کام زیادہ اور بات کم۔ بات کم کرنی ہوگی اور کام زیادہ کرنا ہوگا۔‘‘ ممتا بنرجی مزید کہتی ہیں ’’ہم چاہتے ہیں کہ کولکاتا سب سے بہترین ہو۔ کولکاتا کو سب سے اچھا بنانا ہوگا۔‘‘
کولکاتا مونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے نام جو سامنے آئے ہیں وہ اس طرح ہیں:
میئر: فرہاد حکیم
چیئرپرسن: مالا رائے
میئر کونسل کے اراکین: دیباشیش کمار، دیب برت مجومدار، تارک سنگھ، سوپن سمدّار، بابو بخشی، سندیپن ساہا، بیسونار چٹرجی، جیون ساہا، امیرالدین بابی، ابھجیت مکھرجی، رام یارے رام، متالی بنرجی
بورو چیئرمین: ترون سہائے، شکلا بھور، انند راؤت، سادھنا بوس، ریحانہ خاتون، ثنا احمد، سشمتا بھٹاچاریہ، چیتالی چٹرجی، دیبلینا بسواس، جوئی بسواس، تارکیشور چکرورتی، سشانت گھوش، رتنا سون، سنہیتا داسو، رنجیتا شیل، سدیپ پالی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔