دنیا بھر کی کھلونا مارکیٹ میں ہندوستان کا دبدبہ قائم کریں: وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے باشندوں سے کہا کہ وہ ملک کو خود انحصار بنانے کے لیے 'ووکل فار لوکل' کی مہم کے تحت دیسی کھلونے کو فروغ دیں۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے تاجروں سے دنیا بھر کی کھلونا مارکیٹ میں ہندوستان کا دبدبہ قائم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آج ملک کے باشندوں سے بھی کہا کہ وہ ملک کو خود انحصار بنانے کے لیے 'ووکل فار لوکل' کی مہم کے تحت دیسی کھلونے کو فروغ دیں۔
وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'من کی بات' میں کہا کہ دنیا میں سات لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے کھلونوں کا بازار ہے اور اس میں ہمارا حصہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اپنا حصہ بڑھانے اور ملک کو کھلونوں کا مرکز بنانے کے لئے سب کو آگے آنا ہوگا۔
خصوصی طور پر نئے تاجروں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "کھلونوں سے ہم دو کام کرسکتے ہیں۔ اپنی زندگی میں اپنے شاندار ماضی کو زندہ کرسکتے ہیں اور اپنے سنہری مستقبل کوبھی سنوار سکتے ہیں۔ میں اپنے نئے کاروباری دوستوں سے کہتا ہوں کہ آئیے بطور ٹیم مل کر کھلونے بنائیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہر شخص کو لوکل کھلونوں کے لئے ووکل ہونا چاہئے۔آئیے، ہم اپنے نوجوانوں کے لئے اچھے معیار کے کھلونے بناتے ہیں۔ کھلونا وہی ہونا چاہئے جس سے بچپن یاد آئے۔ ہم ایسے کھلونے بنائیں جو ماحول دوست بھی ہوں"۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مقامی کھلونے کی بہت ہی عمدہ روایت رہی ہے۔ بہت سے باصلاحیت اور ہنرمند کاریگر ہیں جو اچھے کھلونے بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ کچھ علاقے کھلونے کے مراکز کی حیثیت سے بھی ترقی کر رہے ہیں، جیسے کرناٹک کے رام نگرم میں، آندھرا پردیش میں کونڈاپلی، تامل ناڈو میں تنجور، آسام میں دھوبری، اتر پردیش میں وارانسی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم ایسی وراثت، روایت، رنگارنگی، نوجوان آبادی رکھتی ہو، کیا وہ کھلونے کی مارکیٹ میں اپنا حصہ کم کرنا پسند کرے گی؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔