کشمیر: کئی علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن، فوجی، عام شہری اور 2 ملی ٹینٹ ہلاک
اننت ناگ کے ڈورو میں علی الصبح ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم ہوا جو لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر اور ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت پر ختم ہوا۔
سرینگر: وادی کشمیر میں جمعرات کو تین مختلف علاقوں میں چلائے جانے والے ملی ٹینٹ مخالف آپریشنوں کے دوران ایک ملی ٹینٹ، ایک فوجی اور ایک عام شہری جاں بحق ہوئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو میں جمعرات کی علی الصبح ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جو لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر اور ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔
مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت کھاہ گنڈ قاضی گنڈ (ضلع کولگام) کے رہنے والے محمد عاصف ملک ولد محمد نسیم ملک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک فوجی کی شناخت 19 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے بوپیندر سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مسلح تصادم کے دوران زخمی ہونے والے ایک فوجی اہلکار کی شناخت کلونت سنگھ کی حیثیت سے ظاہر کی گئی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہو گئی ہے۔
ادھر گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ نور باغ قمرواری میں سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران ایک عام شہری پر گولیاں چلاکر انہیں ہلاک کردیا۔ سیکورٹی ذرائع نے اس ہلاکت کو غلط شناخت کا معاملہ قرار دیا ہے۔ مہلوک نوجوان کی شناخت باغوان پورہ نورباغ کے رہنے والے 24 سالہ نوجوان محمد سلیم ملک ولد محمد یعقوب ملک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک نوجوان محمد سلیم کو ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سرینگر کے وسیع وعریض عیدگاہ میں واقع مزار شہداء میں سپرد خاک کیا گیا۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چاڈورہ کے پانزن نامی علاقہ میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم جمعرات کی صبح سے جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق اننت ناگ کے ڈورو میں ملی ٹینٹ جبکہ سرینگر کے نورباغ میں ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف ان دونوں اضلاع میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ دونوں اضلاع اننت ناگ اور سرینگر کے مختلف حصوں میں جمعرات کو ہڑتال کی گئی۔ انتظامیہ نے مزید احتجاجوں کو روکنے کے لئے جنوبی اور وسطی کشمیر کے 6 اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ اس کے علاوہ وادی کشمیر میں چلنے والی ریل خدمات منقطع کردی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Sep 2018, 1:07 PM