بارہمولہ مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹ ہلاک، تین فورسز اہلکار زخمی
جموں وکشمیر پولس کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقہ میں جمعرات کی سہ پہر شروع ہونے والے مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
سری نگر: جموں وکشمیر پولس کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقہ میں جمعرات کی سہ پہر شروع ہونے والے مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
تصادم کے دوران تین سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریاستی پولس نے ایک ترجمان نے آپریشن کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنگجو ضلع بارہمولہ کے کلنترا پائین کریری علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا 'فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا'۔
پولس ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا 'کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے جائے جھڑپ پر 2 جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال ہو رہی ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا 'تصادم کی جگہ اسلحہ و گولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں'۔
دریں اثنا ریاستی پولس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے گریز کریں۔ پولس کے ایک بیان میں کہا گیا 'عوام سے پُر زور اپیل ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اُسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
چنانچہ ممکن طور جھڑپ کی جگہ بارودی مواد اگر پھٹنے سے رہ گیا ہو تو اُس کی زد میں آکر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اسی لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں'۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔