عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
قومی راجدھانی دہلی میں عید میلا د النبی ﷺ کے موقع پر منعقدہ تقاریب کے دوران سیاسی، سماجی ،مذہبی لیڈران کا خراج عقیدت
ملک بھر میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے سلسلے میں عقیدت مندگان نے گھروں اور مساجد کو چراغاں کیا و متعدد عامارت کو رنگ برنگے پرچموں اور دیگر زیبائشی اشیاء سے سجایا گیا۔
جگہ جگہ جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء درود و سلام کا ورد کرتے رہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک و مسعود موقع پر پرانی دہلی کے باڑہ ہندورا ؤ سے عظیم الشان جلوس کا اہتمام کیا گیا ۔ جلوس سے قبل مرکزی انجمن عید میلاد النبی ﷺ کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا جاوید نقشبندی نے رحمت عالم ﷺ کی مبارک زندگی کے تعلق سے کہاکہ صحابہ کرام کی ہر صبح عید میلا د النبی ﷺ ہوتی تھی ۔آج سرکار دوعالم ﷺ بظاہر ہمارے سامنے نہیں ہیں مگر صحابہ کرام صبح و شام نبی پاک ﷺ کی زیارت کرکے عید مناتے تھے ۔انھوںنے کہاکہ رب تعالی ارشاد فرماتا ہے کہ اے محبوب ﷺ اگر تمہیںپیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو دنیا کو پیدا نہ کرتا۔ اس لئے جب سے دنیا کو وجودعمل میں آیا ہے تب سے ہر دور میں نبی برحق ﷺ کی میلاد کا تذکرہ ہوتا آیا ہے ۔یہاں تک کہ کعبہ شریف نے بھی آپ ﷺ کی پیدائش کی خوشی منائی ہے ۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر ہر ش وردھن نے اپنی او ر وزیر اعظم کی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں انسان کے مرنے کے بعد ایک یا نصف صدی تک اس کا ذکر ہوتا ہے اس کے بعد لوگ اسے بھول جاتے ہیں مگر پیغمبر اسلام ﷺ کے وصال کو ۱۴۰۰ سال قبل ہوچکے ہیں مگر آج بھی دنیا انھیں یاد کررہی ہے ۔دنیا کے ہر مذہب نے یکسانیت اور انسانیت کا درس دیا ہے نیز جنتی مذہبی کتابیں ہیں ان میں بھی انسانیت کے فروغ پر زور دیا گیا ہے ۔پیغمبر اسلام ﷺ نے محبت و امن کا پیغام دیا اور بتایا کہ اگر کسی کو تکلیف ہوتو اس کا درد محسوس کرنا چاہئے ۔پیغمبر اسلام ﷺ کو جشن میلاد کی ضرورت نہیں بلکہ ہم لوگوں کو ہے تاکہ ان کی تعلیمات پر عمل کیا جاسکے ۔انھوںنے بتایا کہ جب میں سعودی عرب گیا تو وہاں کی حکومت سے حج کوٹہ کے تعلق سے بات کی اور کہاکہ جب سب لوگ حج کرنا چاہتے ہیں تو ان کو اجازت ملنی چاہئے ۔اس پر مجھے جواب دیا گیا کہ اگر ہم پوری دنیا میں کوٹہ مقرر نہ کریں تو ہمیںیہاں بہت پریشانی ہوجائے گی۔
پیغمبر اسلام لباس بشری میں تشریف لائے اور بہتر انسان بننے کا درس دیا ۔ انھوںنے کہاکہ مسلم بھائیوںمیں وزیر اعظم کے تعلق سے غلط فہمی پھیلی ہوئی ہے اگر آپ انھیں ایمانداری سے نزدیک سے سمجھنے کی کوشش کریں تو وہ ایک عظیم سیاستداں ہیں ۔ان کے دل میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہے ۔وزیر اعظم ۲۰۲۲ تک ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جو پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہو۔وہ ملک کو اونچائیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے مطابق آج ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم تھوڑا ملک و سماج کے لئے کام کریں ۔دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین نے کہاکہ خدا نے اس کائنات کی تخلیق اپنے حبیب ﷺ کے صدقہ میں کی ہے ۔انجمن کو مبارک باددیتے ہوئے انھوںنے کہاکہ یہ جلوس کا سلسلہ یوں ہی تاقیامت چلتا رہے گااور امتی اپنے آقا ﷺ کی یاد مناتے رہیں گے ۔اگر ہم رسول پاک ﷺ کی سنتوں پر عمل کریں تو دنیا میںہمارا بول بالا ہوگااور کہیں دکھ و پریشانی نہیں ہوگی۔
دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر وجیندر گپتانے کہاکہ ۱۴۰۰ سال قبل پیغمبر اسلام ﷺ دنیا میں امن و امان کا پیغام لے کر تشریف لائے ۔آج آپ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کے عہد کا دن ہے ،ہمیں ایسا محسوس ہوگیا ہے کہ ہمارا پیغمبر اسلام سے تعلق ہوگیا ہے اورہم انھیں دیکھ اور سن رہے ہیں ۔آج بیٹی بچاؤ ۔بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دیا جاتا ہے لیکن پیغمبر اسلام ﷺ نے خواتین کے حقوق کا حکم ۱۴۰۰سال قبل ہی دے دیا تھااور دنیا میں سب سے پہلے آپ نے ہی خواتین کے حق کی بات فرمائی ۔سابق کونسلر عمران اسمعیل نے کہاکہ ہمارے آقا ﷺ کے پیدائش کی خوشی تو رب نے بھی منائی اور شب ولادت ۷۰ فرشتے جشن منانے کے لئے بھیجے گئے تھے ۔آج کا دن مسلمانوںکیلئے سب سے بڑی خوشی کا دن ہے ۔کانگریس لیڈر محمد عثمان نے کہاکہ اگر صدیوںتک رسول کائنا ت ﷺ کا ذکرکیا جائے تو بھی کم ہے ۔بی جے پی لیڈر عبدالرشید نے کہاکہ آج ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ اسلام کے امن و امان کے پیغام کو عام کریں ۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔