دہلی این سی آر میں متعدد مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری، ستیندر جین سے متعلق معاملہ میں کارروائی

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اور دیگر سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں دہلی این سی آر کے ایک اسکول سمیت بدھ کے روز کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی

ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کے روز دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اور دیگر سے وابستہ معاملہ میں دہلی-این سی آر کے ایک اسکول سمیت کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ جس اسکول میں تفتیشی ٹیم پہنچی وہ دہلی کے دوارکا میں واقع ہے۔ اسکول انتظامیہ نے والدین کو پیغام بھیجا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول سے لینے کے لیے صبح 10.40 بجے آ جائیں۔

اسکول کی جانب سے والدین کو ایک پیغام بھیجا گیا، جس میں لکھا گیا کہ ’’نامساعد حالات کی وجہ سے اسکول آج 24 اگست 2022 بروز بدھ صبح 10:30 بجے ختم ہو جائے گا۔ بسیں اور ٹیکسیاں وقت سے پہلے اسکول کے احاطے سے نکلیں گی۔ براہ کرم اپنے بچے کو ان کے معمول کے اسٹاپ سے لینے کا بندوبست کریں، یا اپنے بچوں کو لینے کے لیے صبح 10:40 بجے اسکول پہنچیں۔


خیال رہے کہ ای ڈی نے حال ہی میں راؤز ایونیو کورٹ میں جین اور دیگر کے خلاف استغاثہ کی شکایت (چارج شیٹ) داخل کی تھی۔ ای ڈی نے الزام لگایا ہے کہ جین کے پاس آمدنی سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔ دیگر ملزمان کو بھی ای ڈی نے نامزد کیا ہے۔ عدالت آئندہ سماعت پر معاملے کا نوٹس لے سکتی ہے۔

ای ڈی نے جین کو پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت 30 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ وہ فی الحال تہاڑ جیل میں قید ہیں اور ان کی درخواست ضمانت عدالت سے نامنظور کی جا چکی ہے۔ ای ڈی نے یکم جولائی کو اسی معاملے میں وزیر صحت کے دو معاونین ویبھو جین اور انکش جین کو گرفتار کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔