ڈینیل بیرن بوئم اور علی ابو عواد کو اندرا گاندھی امن ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا
بیرن بوئم اور ابو عواد کو امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی کے فروغ کے لیے اندرا گاندھی امن ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔ دونوں نے اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے درمیان ہم آہنگی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں
نئی دہلی: ڈینیل بیرن بوئم اور علی ابو عواد کو منگل کے روز اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔ ان دونوں شخصیات نے اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے موسیقی، مکالمے اور عوامی شرکت جیسے عدم تشدد کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔
اس ایوارڈ کا مقصد ان شخصیات کو تسلیم کرنا ہے جنہوں نے عالمی امن کے لیے قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔ ڈینیل بیرن بوئم ایک عالمی شہرت یافتہ پیانوسٹ اور کنڈکٹر ہیں جو ارجنٹائن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں موسیقی کو ہم آہنگی کا ذریعہ بنایا اور اسرائیلی و فلسطینی عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
وہیں، علی ابو عواد ایک ممتاز فلسطینی امن کارکن ہیں، جنہوں نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ وہ ایک پناہ گزین خاندان میں پیدا ہوئے اور تین سال قید میں رہے، جہاں انہوں نے عدم تشدد کے اصولوں کو اپنایا۔ انہوں نے گاندھی جی اور جواہر لال نہرو کی تعلیمات سے متاثر ہو کر امن و آزادی کی جدوجہد کی۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے علی ابو عواد نے کہا کہ انہیں قید کے دوران عدم تشدد کی طاقت کا ادراک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی اور نہرو جی کی تعلیمات نے انہیں یہ سکھایا کہ انسانیت کی اصل طاقت دوسروں کو سمجھنے اور ان کا تحفظ کرنے میں ہے۔
ایوارڈ کے دینے کا فیصلہ ہندوستان کے سابق چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت والی ایک باوقار جوری نے کیا۔ ڈینیل بیرن بوئم کی جانب سے ایوارڈ مریم سی سعید نے وصول کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کیا گیا، جس میں اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کی صدر سونیا گاندھی، سابق نائب صدر ایم حامد انصاری، جوری کے موجودہ صدر شیوشنکر مینن، سابق چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔