یوگی نے ریاست کو ’روگی‘ بنا دیا ہے: لوئس خورشید
فرخ آباد: آکسیجن اور دوائی کی کمی کے سبب بچوں کی ہو رہی اموات کا یوگی حکومت پر کوئی اثر نہیں۔ ریاست کی ایسی خراب صورتحال میں کانگریس کا ایک وفد حالات کا معائنہ کرنے فرخ آباد پہنچا۔ ریاستی حکومت کی لاپروائی کا نظارہ کرنے کے بعد کانگریس کی سینئر لیڈر لوئس خورشید نے کہا کہ ’’یوگی حکومت ریاست کے انتظام و انصرام پر دھیان دینے کی جگہ مذہبی منافرت پھیلانے میں مصروف ہے۔ یوگی نے ریاست کو ’روگی‘ بنا دیا ہے۔‘‘
اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راج ببر، سینئر کانگریسی لیڈران لوئس خورشید، پرمود تیواری، سنجے سنگھ، اور ایم ایل سی دیپک و ایم ایل اے آرادھنا مشرا وغیرہ پر مشتمل وفد نے فرخ آباد پہنچ کر سب سے پہلے مرنے والے بچوں کے سرپرستوں سے ملاقات کی اور ان سے پورے معاملے کی تفصیل پتہ کی۔ متاثرین نے بتایا کہ کس طرح یوگی حکومت حالات بد سے بدتر ہو جانے کے باوجود نیند کی آغوش میں ہے۔
مہلوک بچوں کے سرپرستوں سے بات چیت کے بعد ایک پریس کانفرنس کر پوری تفصیلات سے میڈیا کو روشناس کرایا گیا اور راج ببر نے کہا کہ ریاستی حکومت حالات کو سنبھالنے کی کوشش ہی نہیں کر رہی، وزیر اعلی آر ایس ایس کی میٹنگوں میں شرکت کرنا اہم سمجھتے ہیں، متھرا میں وقت گزارنا ضروری سمجھتے ہیں لیکن متاثرہ خاندانوں سے ملاقات ان کو گوارہ نہیں۔ راج ببر نے اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’اگر آپ وزیر اعلیٰ کو نہیں ہٹاتے ہیں تو اس کا یہی مطلب ہے کہ آپ بچوں کے تئیں غیر حساس ہیں، اور وہ بھی اس لیے کہ وہ آپ کے ووٹرس نہیں ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی یوگی آدتیہ ناتھ کی بے حسی سے متعلق کہا کہ ’’یوگی آدتیہ ناتھ نے تمام صوبے کو ’روگی ‘ بنا دیا ہے اور بی جے پی اسے مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی اموات بی جے پی حکومت کے لئے محض نمبر ہو سکتی ہیں لیکن ان لوگوں سے پوچھئے جنہوں نے اپنے نونہالوں کو کھو دیاہے۔ ‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔