جے این یو کیمپس میں بریانی پکانے پر 6 ہزار کا جرمانہ!
نئی دہلی: جواہرلعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو ) میں ایک طالب علم پر اس لئے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے کیوں کہ اس نے یونیورسٹی کےایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے بریانی پکائی اور وہیں پر دوستوں کے ساتھا کھائی ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق طالب علم نے ادارے کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے اس کو 6 ہزار کا جرمانہ دینا ہوگا۔ میڈیا میں چل رہی خبروں کے مطابق یہ کارروائی چیف پراکٹر نے کی ہے ۔ کچھ میڈیا رپورٹوں میں یہ کہا جا رہا ہے کہ جرمانہ 3-4 طلباء پر عائد کیا گیا ہے۔ حالانکہ تحریری حکم میں صرف ایک طالب علم کا نام ہے۔
یونیورسٹی کے چیف پراکٹر کوشل کمار شرما نے جو حکم جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ 27 جون کو محمد عامر ملک نامی طالب علم نے انتظامی عمارت کے سامنے سیڑھیوں کے نزدیک کھانا (بریانی )پکایا اور اسے دیگر طلباء کے ساتھ مل کر کھایا ۔ وہ سنٹر آف عربی اینڈ افریقن اسٹڈیز کا طالب علم ہے۔ انہوں نے 2013 میں جے این یو میں داخلہ لیا تھا۔ حکم کے مطابق ملزم طالب علم نے ضابطہ اخلا ق توڑا ہے اور اس پر 6 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ عامر کو جرمانہ کی رقم بھرنے کے لئے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ وہیں بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کا دعویٰ ہے کہ پکایا گیا کھانا’بیف بریانی ‘ تھی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جے این یو کی سابق جنرل سکریٹری شتروپا چکرورتی پر دیگر طلباء کے ساتھ بریانی کھانے اور وی سی دفتر میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے پر 10000 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ایک دوسرے معاملہ میں انہیں اکیڈمک اور انتظامی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے پر ملزم بنایا گیا ہے۔
قبل ازیں جے این یو انتظامیہ اور دہلی ہائی کورٹ نے انتظامیہ بلڈنگ کے 100 میٹر کے دائرے میں احتجاجی مظاہروں پر روک لگا رکھی ہے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔