ملک کا چوکیدار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا ہے: راہل
آج دورے کے دوسرے دن راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے پیٹ پیٹ کر میری آنکھیں کھول دی ہیں اور 2014 کی ہار کے بعد بی جے پی انہیں کافی کچھ سیکھا دیا ہے۔
وڈودرا۔ راہل گاندھی گجرات دورے پر ہیں اور آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تشہیر کر رہے ہیں۔ اس بار راہل گاندھی کی تشہیر میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ کانگریسی کارکنان بھی پر جوش نظر آ رہے ہیں ۔ راہل گاندھی کا وہ بیان موضوع بحث بنا ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ’ وکاس پاگل ‘ہو گیا ہے۔
آج دورے کے دوسرے دن راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے پیٹ پیٹ کر میری آنکھیں کھول دی ہیں اور 2014 کی ہار کے بعد بی جے پی انہیں کافی کچھ سیکھا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی بھلے ہی کانگریس سے پاک ہندوستان کی بات کرتی ہو لیکن وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ ہندوستان بی جے پی سے پاک ہو۔‘‘
قبل ازیں راہل گاندھی نے بی جے پی کی نظریاتی تنظیم آر ایس ایس میں خواتین کی عدم حصہ داری کے حوالے سے بھی نشانہ سادھا۔ انہوں نے بی جے پی کے یونیفارم کو لے کر بھی تلخ تبصرہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا ، ’’ بی جے پی کی تنظیم آر ایس ایس ہے لیکن کتنی خواتین ہیں اس میں، کبھی شاکھا میں خواتین کو دیکھا ہے شارٹ (ہاف پینٹ ) میں ؟ میں نے تو نہیں دیکھا۔ راہل یہیں نہیں رکے اور انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر خواتین کے تئیں غیر مساوی رویہ اختیار کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
راہل نے کہا، ’’ ان کی سوچ ہے کہ جب تک خاتون چپ رہیں کچھ نہ بولیں تب تک وہ صحیح ہیں لیکن جیسے ہی خاتون نے منہ کھولا تو اس کو خاموش کراؤ۔‘‘
واضح رہے کہ آر ایس ایس میں خواتین کو رکنیت نہیں دی جاتی بلکہ خواتین کے لئے علیحدہ تنظیم قائم کی گئی ہے۔ آر ایس ایس کوخواتین کے تئیں بنیاد پرست ذہنیت کے لئے بھی جانا جاتا ہے۔ صرف مرد ارکان والی آ رایس ایس میں مردوں کے لئے خاکی وردی طے کی گئی ہے۔ حالانکہ کچھ دن سے ہاف پینٹ کی جگہ فل پینٹ بھی پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
راہل گاندھی نے وڈودرا ریلی میں کہا کہ اگر کانگریس گجرات میں بر سر اقتدار آتی ہے تو وہ خاتون کو بااخیتار بنانے کی سمت میں کام کرے گی۔
راہل نے اپنے جلسہ کے دوران اسٹارٹ اپ انڈیا پروگرام کے ذریعہ امت شاہ کے بیٹے کو بھی نشانہ پر لے لیا۔ راہل گاندھی نے لوگوں سے پوچھا، ’’ کیا آپ نے اسٹارٹ اپ انڈیا کے بارے میں سنا ہے؟ کیا آپ نے اسٹارٹ اپ انڈیا کے آئیکون جے شاہ کے بار میں بھی سنا ہے؟ ‘‘
کانگریس نائب صدر نے کہا کہ مودی جی کی پسندیدہ اسکیم اسٹارٹ اپ انڈیا کا ہدف نئے کاروباریوں کو فروغ دینا تھا لیکن اس کا آئیکو ن امت شاہ کا بیٹا جے شاہ ہے۔ راہل نے کہا کہ یہ وہی جے شاہ ہے جس نے اپنی کمپنی کے ذریعہ پوشیدہ طریقہ سے اک سال میں 80 کروڑ روپے بنا ڈالے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی کرونی کیپٹل ازم کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور یہ بھی کہا کہ جے شاہ کے معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی بہت کچھ کہتی ہے۔ سچائی تو یہ ہے کہ آج ملک کا چوکیدار ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Oct 2017, 7:43 PM