بی ایس پی کے سینئر رہنما اُپادھیائے پارٹی سے بر طرف
اپادھیائے کے چھوٹے بھائی مکل نے فروری میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی جس کے بعد سے ہی یہ قیاس لگائے جا رہے تھے کہ اپادھیائے اپنی بیوی سیما کے ساتھ بھگوا پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔
لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) نے سابق وزیر اور ایم ایل اے رام ویر اپادھیائے کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پارٹی سے برطرف کردیا ہے۔
پارٹی جنرل سکریٹری میوالال گوتم نے منگل کو اپادھیائے کو لکھے خط میں کہا ’’آپ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں کافی دنوں سے سرگرم ہیں جس کے لئے آپ کو انتباہ بھی دیا گیا لیکن اس کے باوجود آپ نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی مخالف سرگرمیوں کو برقرار رکھتے ہوئے فتح پور سیکری اور علی گڑھ سمیت دیگر سیٹوں پر بی ایس پی امیدواروں کی مخالفت کی اور حریف امیدواروں کی حمایت کی۔
انہوں نے لکھا کہ ’’آپ کا یہ طرز عمل کافی سنگین ہے اور آپ کو پارٹی سےمعطل کیا جاتا ہے۔ آپ کو اسمبلی میں بھی پارٹی کے عہدے سے برخواست کیا جاتا ہے۔ آپ پارٹی کی کسی بھی میٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بی ایس پی جنرل سکریٹری نے یہ خط کی کاپیاں اسمبلی اسپیکر کو بھی بھیج دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے لوک سبھا انتخابات کے دوران اپادھیائے نے بی جے پی امیدوار ایس پی سنگھ بگھیل کی حمایت کی تھی۔ بی جے پی امیدوار سے گلے ملتے ان کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ اپادھیائے کے چھوٹے بھائی مکل نے فروری میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی جس کے بعد سے ہی یہ قیاس لگائے جا رہے تھے کہ اپادھیائے اپنی بیوی سیما کے ساتھ بھگوا پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 May 2019, 7:10 PM