ہندوستان کی شاندار کارکردگی کے آگے پاکستان نے گھٹنے ٹیکے
ہندوستان نے پاکستان کو 43.1 اوور میں محض 162 رنوں کے اسکور پر ڈھیر کرنے کے بعد 29 اوور میں دو وکٹ پر 164 رن بنا کر آسان جیت حاصل کر لی۔
دبئی ، 19 ستمبر (یو این آئی ) تیز گیند باز بھوبنیشور کمار (15 رن پر 3 وکٹ ) اور پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو (23 رن پر 3 وکٹ) کی زبردست بولنگ کے بعد کپتان روہت شرما (52) کی دھماکہ خیز نصف سنچری سے ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے آخری لیگ میچ میں بدھ کے روز یکطرفہ طورپر آٹھ وکٹ سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست کا بدلہ لے لیا۔
ہندوستان نے پاکستان کو 43.1 اوور میں محض 162 رنوں کے اسکور پر ڈھیر کرنے کے بعد 29 اوور میں دو وکٹ پر 164 رن بنا کر آسان جیت حاصل کر لی۔ دونوں ٹیمیں جون 2017 میں انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے مقابلہ کے ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد آمنے سامنے تھیں اور ہندوستانی ٹیم نے اس شکست کا بخوبی بدلہ چکا لیا۔ ہندوستان کی یہ مسلسل دوسری جیت ہے لیکن ہندوستان کو اس جیت سے مطمئن نہیں ہونا پڑے گا کیونکہ اگلے اتوار کو دونوں ٹیموں کا سپر -4 میں مقابلہ ہونا ہے۔
ہندوستان کو کل ہانگ کانگ پر 26 رنوں سے فتح حاصل کرنے میں جدوجہد کرنی پڑی تھی لیکن آج اس نے گیند اور بلے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
کپتان روہت اور گزشتہ میچ میں 127 رن بنانے والے شیکھر دھون نے پہلے وکٹ کے لئے تابڑ توڑ انداز میں 13.1 اوور میں 86 رن ٹھوک ڈالے۔ روہت نے طوفانی اننگز کھیلی اور صرف 39 گیندوں پر 52 رن میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے شاندار گوگلی سے روہت کو بولڈ کیا۔ شیکھر جب اپنی نصف سنچری سے صرف چار رن دور تھے کہ وہ فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔ شیکھر نے 54 گیندوں پر 46 رنوں کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہندوستان کا دوسرا وکٹ 104 کے اسکور پر گرا۔ اباٹي رائیڈو اور دنیش کارتک نے پھر آسانی سے کھیلتے ہوئے ہندوستان کو 29 اوور میں جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔ رائیڈو نے ناٹ آؤٹ 31 رن اور کارتک نے ناٹ آؤٹ 31 رن بنائے۔
ہندوستان کو سپر-4 میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے کھیلنا ہے۔ ہندوستان کا جمعہ کو بنگلہ دیش، اتوار کو پاکستان اور منگل کو افغانستان سے مقابلہ ہونا ہے۔ ہندوستان کے یہ تینوں میچ دبئی میں ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔