وزیر تبدیل، حادثو ں کا سلسلہ برقرار
سون بھدر: وزیر اعظم نریندر مودی کے بھروسے مند وزراء میں شمار پیوش گوئل نے تین روز قبل ہی ریلوے کی وزارت کا چارج سنبھالا ہے کہ ایک نئے ریل حادثے نےان کا استقبال کیا ہے۔ اس بار پھر اتر پردیش کے سونبھدر ضلع میں اوبرا کے نزدیک ہاوڑہ ۔ جبل پور شکتی پونج ایکسپریس کے سات ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ تاہم، اس حادثے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ گورنمنٹ ریلوے پولس (جی آر پی) کے مطابق ہاؤڑہ سے جبل پور جانے والی گاڑی نمبر 11448 شکتی پنج ایکسپریس کے سات ڈبے آج صبح تقریبا 6:30 بجے چھپرا کنڈ اسٹیشن کے نزدیک پٹری سے اترگئے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹری سے اترنے والے ڈبوں کو ٹرین سے الگ کر بقیہ ڈبوں کے ساتھ ٹرین کو جبل پور کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔ حادثے کی جگہ پر پٹری ٹوٹی ہوئی ملی ہے جس سے یہ معاملہ بھی ریلوے کی لاپروائی کا لگ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش میں گزشتہ 20 دنوں کے دوران یہ تیسرا ریل حادثہ ہے۔ اس سے قبل 19 اگست کو مظفر نگر کے کھتولی اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا تھا جس میں 23 افراد ہلاک ہو ئے تھے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد اعظم گڑھ سے دہلی آ رہی کیفیت ایکسپریس اوریا کے پاس حادثہ کا شکار ہوئی۔ اس حادثے میں 74 لوگ زخمی ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Sep 2017, 11:54 AM