پاک-صاف ہے میرا بیٹا: امت شاہ

جے امت شاہ کے بے تحاشہ منافع کمانے کے الزامات کی صفائی میں مرکزی وزراء اور سرکاری وکلاء کے بعد اب خود والد محترم بھی میدان میں اتر آئے ہیں ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مرکز میں بر سر اقتدار بی جے پی صدر امت شاہ نے اپنے بیٹے پر عائد الزامات پر پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے اسے پاک -صاف قرار دیا ہے۔ گجرات کے احمد آباد میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران شاہ نے بیٹے پر لگے الزامات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کی کمپنی نے حکومت کے ساتھ کوئی کاروبار نہیں کیا اور نہ ہی کوئی رشوت لی ۔

شاہ نے خود ہی بیٹے کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ’’ میرے بیٹے نے حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے الزمات لگانے والوں کے خلاف سیول اور مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا ہے اور اس قد م سے اس نے اپنے خلاف جانچ کی دعوت دی ہے۔‘‘

بیٹے پر لگے الزامات سے چاروں طرف سے گھرےبی جے پی صدر امت شاہ نے اپنی خاموشی آر ایس ایس کے ایک سینئر رکن کے بیان کے ٹھیک ایک دن بعد توڑی ہے۔ جمعرات کو آر ایس ایس کے معاون سربراہ دتاتریہ ہوسبولے نے کہا تھا کہ اگر پہلی نظر میں کوئی معاملہ بنتا ہے تو جانچ ہونی چاہئے لیکن الزامات عائد کرنے والوں کو الزامات ثابت بھی کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ پچھلی جمعرات کو ایک نیوز ویب سائٹ دی وائر پر خبر شائع ہونے کے بعد زیر بحث آیا ۔ خبر کے وائرل ہونے کے ساتھ ہی مرکزی ریلوے وزیر پیوش گوئل نے پریس کانفرنس کر کے جے امت شاہ کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ جے شاہ خبر کرنے والی ویب سائٹ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرائیں گے۔ اس کے بعد سوال اٹھنے لگے کہ مرکزی حکومت کا ایک وزیر کس طرح ایک ملزم کی طرف سے پریس کانفرنس کر سکتا ہے اور اسے کلین چٹ دیتے ہوئے ویب سائٹ کو دھمکی دے سکتا ہے۔ جے شاہ بھلے ہی بر سر اقتدار بی جے پی صدر امت شاہ کے بیٹے ہوں لیکن وہ حکومت کا حصہ نہیں ہیں۔

امت شاہ نے اس معاملہ پر مسلسل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی اور اب جاکر خاموشی توڑی بھی تو اس انداز میں کہ ’ہم ہی قاتل ،ہم ہی منصف‘۔ شاہ نے بیٹے پر لگے الزامات کو خارج کرتے ہوے الٹا سوال پوچھا ’ آزادی کے بعد سے کانگریس پر بھی کنتے الزامات لگے ہیں کیا کبھی کانگریس نے سیول یا ہتک عزت کا معاملہ درج کرایا ہے؟ اس کے بر عکس آج جے نے ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

شاہ نے بیٹے کا بچاؤ کرتے ہوئے بوفورس کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے کہا ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جے نے حکومت سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا، سرکاری زمین یا ٹینڈر بھی حاصل نہیں کیا۔ اور نہ ہی کمپنی نے بوفورس جیسی کوئی رشوت لی ہے۔‘‘

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ امت شاہ نے بیٹے کو کس حیثیت سے کلین چٹ دی ہے۔ ایک باپ کی حیثیت سے یا ملک کی برسر اقتدار بی جے پی صدر ہونے کی حیثیت سے۔ کیوں کہ امت شاہ کی کلین چٹ کافی اہمیت کی حامل ہے۔ اس کلین چٹ سے اب یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ شاید اب کوئی ایجنسی ان کے خلاف جانچ کرنے کی جرأت نہ کر سکے۔

  اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔  

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔