جموں و کشمیر کی سبھی سیاسی جماعتوں کو 'کل جماعتی میٹنگ' میں شرکت کر کے اپنی بات رکھنی چاہیے: اشوک کول

اشوک کول نے کہا کہ مرکز نے پہل کی ہے یہ جموں وکشمیر کے مستقبل کے بارے میں ایک اچھی بات ہے، ہماری جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں ان کو اپنی بات رکھنی چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ مرکزی سرکار ان کی بات سنے گی۔

اشوک کول، تصویر ٹوئٹر @Ashok koal59
اشوک کول، تصویر ٹوئٹر @Ashok koal59
user

یو این آئی

جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے مرکزی حکومت کی جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مجوزہ میٹنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس میٹنگ میں شرکت کر کے اپنی بات رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مرکزی سرکار ان جماعتوں کی بات کو سنے گی اور اس معاملے میں جو ٹھیک ہوگا وہ اقدام کرے گی۔ موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار ڈوڈہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'مرکز نے پہل کی ہے یہ جموں وکشمیر کے مستقبل کے بارے میں ایک اچھی بات ہے، ہماری جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں ان کو اپنی بات رکھنی چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ مرکزی سرکار ان کی بات سنے گی اور اس کے متعلق جو ٹھیک ہوگا اس کی طرف چلے گی'۔


مجوزہ کل جماعتی میٹنگ کے متعلق پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن کی میٹنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر اشوک کول نے کہا کہ 'وہ آپس میں میٹنگ کریں لیکن جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور بھلائی و بہبود کے لئے انہیں اس میٹنگ میں جانا چاہیے'۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اگر کسی پارٹی کو دعوت نہیں دی گئی ہے تو اس کو اپنی طرف سے پہل کرنی چاہیے۔

بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ 24 جون کو ایک میٹنگ طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں شرکت کرنے کے حوالے سے جہاں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے پارٹی میٹنگوں کا انعقاد کیا ہے وہیں گپکار الائنس کی بھی اس ضمن میں 22 جون کو میٹنگ ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔