مودی کاشی کو ’کیوٹو‘ تو بنا نہیں پائے الٹا بنا دیا ’ٹوٹو-پھوٹو‘: اکھلیش
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے مودی کے خلاف زبردست محاذ کھولا ہوا ہے اور وہ اپنے انتخابی جلسوں میں اس بات کو بار بار کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ اکھلیش نے ٹویٹ کر کے وارانسی میں چل رہے کاموں پر طنز کیا ہے ’’وکاس پوچھ رہاہے۔ سنی کیا تم نے بنارس کی کہانی، ایک بنارسی کی زبانی، کسی نے کہا تھا بنائیں گے کیوٹو، پر پانچ سال میں ملا ٹوٹو پھوٹو‘‘۔
اکھلیش یہیں نہیں رکے انہوں نے ایک اور فوٹو ٹویٹ کیا ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے ’’جب انہوں نے ہمارے جانے کے بعد وزیر اعلی کی رہائش گاہ کو گنگا جل سے دھویا تھا تب ہم نے بھی طے کر لیا تھا کہ ہم ان کو پوڑی کھلائیں گے ‘‘۔ اس تصویر میں اکھلیش یوگی آدتیہ ناتھ جیسے دکھنے والے شخص کے ساتھ کھانا کھاتے نظر آ رہے ہیں۔ یوگی کے اس ہم شکل کا نام سریش ٹھاکر ہے جو پچھلے کچھ دنو ں سے اکھلیش کے ساتھ اسٹیج پر دکھائی دے رہے ہیں۔ اسٹیج پر بھگوا کپڑے پہنے اس شخص کو دیکھ کر عوام بھی کنفیوز ہو جاتی ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ اکھلیش نے پہلی مرتبہ اس شخص کے ساتھ تصویر ٹویٹ کی ہے۔ اکھلیش اپنی ہر ریلی میں ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔واضح رہے اکھلیش بی جے پی پر حملہ کرنے کا کوئی بھی موقع اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دے رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ بی جے پی کے لوگوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور اس پارٹی کی بنیاد جھوٹ اور نفرت پر ٹکی ہوئی ہے۔
حال ہی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا تھا کہ ’’بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ لوگوں کو نوکری دی جائے گی لیکن موجودہ حکومت نے جو فیصلے لئے ہیں اس کی وجہ سے آج کسی کے پاس روزگار نہیں ہے‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔