ملک بھر کے لئے اب ایک ہی ایمرجنسی نمبر ’112‘
ملک میں ہر ایمرجنسی کےلئے آج سے ایک ہی نمبر ’112‘ شروع ہوگیا۔ موجودہ پولیس ہیلپ لائن نمبر ’100‘ کو اس سے جوڑ دیا گیا ہے جبکہ پہلے سے استعمال کئے جانے والے دیگر نمبروں کو جوڑنے کا عمل جاری ہے۔
نئی دہلی: ملک میں ہر ایمرجنسی کےلئے آج سے ایک ہی نمبر ’112‘ شروع ہوگیا۔موجودہ پولیس ہیلپ لائن نمبر ’100‘ کو اس سے جوڑ دیا گیا ہے جبکہ پہلے سے استعمال کئے جانے والے دیگر نمبروں کو جوڑنے کا عمل جاری ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں خواتین و اطفال کے فلاح وبہبود کی وزیر مینکا گاندھی نے منگل کو ایک پروگرام میں ریموٹ کا بٹن دباکر ’112‘ نمبر کی شروعات کی اور ’112ایپ‘ لانچ کیا۔کل 17ریاست اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں یہ نمبر آج سے شروع ہوگیا ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں اسے اس سال کے آخر تک شروع کرنے کا ہدف ہے۔فیچر فون پر 5 یا 9 کے بٹن کے زیادہ دیر کےلئے دباکر بھی 112 ڈائل کیا جا سکے گا۔اسمارٹ فون پر شارٹ کٹ میں اسے ڈائل کرنے کےلئے پاور بٹن کو تین بار دبانا ہوگا۔
پروگرام میں خواتین کے تحفظ کے نظریے سے اہم دو اور پہل لانچ کی گئی ہیں۔ مینکا گاندھی نے ’محفوظ شہر عمل درآمدگی نگرانی پورٹل ‘اور راج ناتھ سنگھ نے ’جنسی جرائم‘ کی جانچ کی صورت حال پتہ کرنے کےآن لائن سسٹم کو لانچ کیا۔
’112ایپ‘ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اس میں 10رشتہ داروں یا دوستوں کے نمبر جوڑے جاسکتے ہیں اور جب کبھی فون رکھنے والا 112 ڈائل کرے گا،اس سے جڑے سبھی نمبروں کو بھی اس کی اطلاع مل جائےگی۔ایپ جی پی ایس یا موبائل آپریٹر کے ٹاور کے ذریعہ نمبر ڈائل کرنے والے کی لوکیشن اپنے آپ پتہ کر لے گا۔
ایپ کے ذریعہ عام لوگ رضاکار کے طورپر خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں۔جب بھی کوئی شخص 112 نمبر ڈائل کرے گا تو پولیس کے ساتھ ہی قریبی رضاکار کو بھی ایک پیغام چلا جائےگا۔اس نمبر پر کی گئی پوری بات ریکارڈ ہوگی۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ان تینوں کوششوں سے خواتین کے تحفظ میں ہمارا ردعمل تیز ہوگا۔انہوں نے ایمرجنسی رسپونس سپورٹ سسٹم ’112‘ کو سنگ میل بتاتے ہوئے کہا کہ ’112‘ نمبر کئی ملکوں میں ایمرجنسی نمبرکے طورپر استعمال ہوتا ہے اور تقریباً سبھی فونوں میں اس کے شارٹ کٹ پہلے سے موجود ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ تقریباً پورا ہوچکا ہے اور جلد ہی پورے ملک میں یہ نمبر مہیا ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کی کامیابی اب اس بات پر منحصر کرتی ہے کہ نمبر 112 ڈائل کرنے کے بعد پولیس کتنی دیر میں پہنچتی ہے کیونکہ کسی بھی سسٹم کو لانچ کرنے کے بعد اس پر عمل درآمدگی کو یقینی بنانا بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے۔انہوں نے ملک کے عوام سے اس کا فائدہ اٹھانے اور رضاکار بننے کی اپیل کی۔
مینکا گاندھی نے کہا کہ ملک میں فروخت ہونے والے ہر موبائل فون پر ’112‘ ایپ ہونا لازمی کیا جائے۔ سکریٹری برائے داخلی امور راجیو گوبا نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر ریاستیں بھی جلد ہی نمبر 112 کو اپنائیں تاکہ اس سال کے آخر تک اسے پورے ملک میں نافذ کیا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔