بنگال کے 9 حلقوں میں 1 بجے تک تقریباً 40 فیصد پولنگ
پہلی مرتبہ تمام بوتھوں پر وی وی پی اے ٹی مشین کا استعمال ہو رہا ہے۔ اسپیشل الیکشن آبزرور اجے نائیک نے کہا کہ تمام بوتھوں پر مرکزی فورسیس تعینات ہیں۔ ضلع پولس کی مدد سے لا اینڈ آرڈر کو سنبھالاجارہا ہے۔
کولکاتا: ہنگامہ آرائی کے چند واقعات کے ساتھ مغربی بنگال کے 9 حلقوں میں پولنگ ہورہی ہے۔ 1 بجے تک تقریباً 40 فیصد پولنگ ہوچکی ہے۔ 14963143 ووٹرس 111 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر رہے ہیں، جن حلقوں میں آج پولنگ ہو رہی ہے ان میں دمدم، باراسات، بشیرہاٹ، شمالی کولکاتا، جنوبی کولکاتا، جادو پور، ڈائمنڈ ہاربر، جے نگر اور متھورا پور شامل ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ پرامن ماحول میں ہو رہی ہے اور ابھی تک تشدد کا کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ باراسات میں 41.5 فیصد، دمدم میں 35 فیصد، بشیر ہاٹ میں 42 فیصد، جے نگر میں 32 فیصد، متھورا پور میں 45 فیصد، ڈائمنڈ ہاربر میں 46 فیصد، کلکتہ جنوب میں 43 فیصد، کلکتہ شمال میں 36فیصد اور جادو پور میں 40 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔
ڈائمنڈ ہاربرکے سونار پور میں 50 ای وی ایم مشین کے خراب ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ بشیر ہاٹ، ڈائمنڈ ہاربر، شمالی کلکتہ، جنوبی کلکتہ کے کچھ بوتھوں پر مشین کے خراب ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ دمدم لوک سبھا حلقے کے ناگر بازار کے تین بوتھوں میں بھی ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی ہے۔
تاہم ترنمو ل کانگریس نے مکل رائے کے علاقے میں ہونے پر اعترا ض کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے قانون کے مطابق جن کا ووٹ نہیں ہے وہ حلقہ میں نہیں رہ سکتا ہے۔ جادو پور میں بی جے پی نے الزام عاید کیا ہے کہ پروکسی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، بشیر ہاٹ میں بی جے پی کے امیدوار سیانتانو باسو نے الزام عاید کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے ورکر بوتھ میں داخل ہونے نہیں دے رہے ہیں۔ بشیر ہاٹ کے 189 بوتھ نمبر میں تشدد کے واقعات کے بعد اضافی فورسیس کو تعینات کردیا گیا ہے۔
اسلام پور جہاں ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں وہاں بھی تشدد کے واقعات ہوئے ہیں، صحافیوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ پھاٹ پارہ اسمبلی حلقہ جہاں ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں کے کانکی ناڑہ ہائی اسکول میں ترنمول کانگریس امیدوار مدن مترا اور مرکزی فورسیس کے درمیا ن تکرار کی خبر ہے۔ مدن مترا نے کہا کہ مرکزی فورسیس جمہوریت پر حملہ کر رہی ہے۔
جادو پور لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار انوپم ہزار کی کار میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ انہیں بوتھ میں داخل ہونے نہیں دیا گیا ہے۔ شمالی کلکتہ کے رابندر سرانی میں بھی بم اندازی کی خبر ہے۔
مرکزی فورسیس کی 710 کمپنیاں تعنیات ہیں۔ پہلی مرتبہ تمام بوتھوں پر وی وی پی اے ٹی مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسپیشل الیکشن آبزرور اجے نائیک نے کہا کہ تمام بوتھوں پر مرکزی فورسیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع پولس کی مدد سے لا اینڈ آرڈر کو سنبھالا جارہا ہے۔
ووٹنگ شروع ہونے کے ساتھ پولنگ بوتھوں پر ووٹروں کی لمبی لمبی قطار دیکھنے کو ملی تھیں۔ کل رات پھاٹ پارہ اسمبلی حلقہ جہاں ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں بی جے پی اورترنمول کانگریس کے ورکروں کے درمیان بڑے پیمانے پر جھڑ پ کی خبر ہے۔ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کو اس کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ یہ سیٹ ارجن سنگھ جنہوں نے ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ یہاں سے ان کے بیٹے بی جے پی کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔