پائلٹ کی گمشدگی پر 21 جماعتوں کو تشویش، برسر اقتدار جماعت سے شہیدوں پر سیاست نہ کرنے کی اپیل
حزب اختلاف کی 21 جماعتوں نے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان اسپانسرڈ دہشت گردی کی مذمت کی، اجلاس کے دوران شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
پاکستانی فضائیہ کی طرف سے بدھ کی صبح کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے اور اسے ہندوستان کی طرف سے ناکام بنائے جانے کے بعد کانگریس سمیت حزب اختلاف کی 21 جماعتوں نے میٹنگ کی اور ہندوستان کی خود مختاری اور سالمیت کے حق میں اٹھائے جانے والے کسی بھی فیصلہ پر حکومت کی حمایت کرنے کی یقین دہائی کرائی۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کل جماعتی میٹنگ کے دوران جاری کیے گئے مشترکہ پریس بیان کو پڑھ کر سنایا۔ راہل گاندھی نے پریس بیان پڑھتے ہوئے کہا:
آج 21 سیاسی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں 14 فروری 2019 کو ہوئے پاکستان اسپانسرڈ ملی ٹینٹ حملہ کی اتفاق رائے سے سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ تمام رہنماؤں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملی ٹنسی سے فیصلہ کن لڑائی میں مسلح سلامتی دستوں اور فوج کے تئیں یکجہتی کا عزم ظاہر کیا۔ 21 جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں تمام رہنماؤں نے 26 جنوری 2019 کو ہندوستانی فضائیہ کے دہشت گرد ٹھکانوں پر کیے گئے حملہ کی ستائش کرتے ہوئے تینوں افواج کی بہادری اور ہمت کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا، برسر اقتدار جماعت کے رہنماؤں کی طرف سے جوانوں کی شہادت پر سیاست کرنے پر تمام رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا۔ قومی سلامتی کا مقام سیاسی جماعتوں کے ذاتی مفاد سے بالاتر ہے اور اس میں سیاسی اہداف کو حاصل کرنے کا کوئی مقام نہیں ہو سکتا۔ پلوامہ حملہ کے بعد کل جماعتی اجلاس طلب نہ کرنے کے لئے وزیر اعظم کے مایوس کن رویہ پر تمام رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا کیونکہ یہ رویہ جمہوری نظام کے خلاف ہے۔
رہنماؤں نے موجودہ حفاظتی حالات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے آج وزارت خارجہ کی طرف سے جاری اس بیان پر نوٹس لیا جس میں پاکستان کی طرف سے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے اور ایک جنگی طیارے کے خسارے کا ذکر کیا گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے پُر زور طریقہ سے پاکستان کی اس کرتوت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فضائیہ کے پائلٹ کی سلامتی کو لے کر تشویش کا اظہار کیا۔ 21 سیاسی جماعتوں کے تمام رہنماؤں نے برسر اقتدار جماعت سے اپیل کی ہے کہ ہندوستان کی سالمیت اور یکجہتی کی حفاظت کے لئے اٹھائے جانے والے ہر قدم پر قوم کو اعتماد میں لیں۔
قبل ازیں راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’فضائیہ کے بہادر پائلٹ کے لاپتہ ہونے کی خبر پر مجھے افسوس ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ بحفاظت گھر واپس آئیں گے۔ ہم مشکل وقت میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Feb 2019, 7:10 PM