ایئر اندیا طیارہ حادثے میں 17 ہلاک

کریش لینڈنگ کے دوران طیارہ کا ایک حصہ ٹوٹ گیا اور بعض زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔جائے حادثہ پر کچھ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کیرالہ کے کالی کٹ ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کا ایک مسافر بردار طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر آبادی میں گھس گیا، حادثے میں ایک پائلٹ سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ بیسیوں مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں حادثے کا شکار ہو نیوالے طیارے میں 191 مسافر سوار تھے۔ طیارہ دوبئی سے آرہاتھا جو رنوے پر پھسل گیا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔ طیارہ رن وے سے پھسل کر کنم پورم۔کونڈاٹی سڑک پر جا گرا۔ یہ سڑک رنوے سے تقریباً 35 فٹ نیچے ہے۔ اب تک موصولہ اطلاع کے مطابق زخمیوں کو نزدیکی اسپتال لے جایا گیا ہے۔

کریش لینڈنگ کے دوران طیارہ کا ایک حصہ ٹوٹ بھی گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔جائے حادثہ پر کچھ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی ہردیپ پوری نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پورے معاملہ کی جانچ شروع ہو گئی ہے ۔


ملاپورم کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا ہے کہ جو 123 مسافر اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ان میں سے 15 کی حالت بہت نازک ہے۔ واضح رہے شروعاتی خبروں کے مطابق تیز بارش کی وجہ سے جہاز کی لینڈنگ صحیح نہیں ہو سکی ۔ یہ جہاز وندے بھارت مشن کےتحت مسافروں کو واپس لا رہا تھا ۔ واضح رہے کورونا وبا کی وجہ سے خلیجی ممالک میں لوگ واپسی کے لئے پریشان ہیں اور متحدہ عرب امارات میں تو اس وبا کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اور ان کے پاس مکان کا کرایا دینے کے لئے بھی پیسہ نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 7:11 AM