کولکاتا بمقابلہ ممبئی: کپتان روہت شرما کی طوفانی بلے بازی سے کولکاتا کے سامنے کھڑا ہوا 195 رن کا پہاڑ

کولکاتا کی طرف سے سنیل نارائن اور شیوم ماوی نے کفایتی گیندبازی کی۔ سنیل نارائن نے 4 اوور میں 22 رن دے کر ایک وکٹ لیا جب کہ شیوم ماوی نے 4 اوور میں 32 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 کے پانچویں میچ میں آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کا مقابلہ ممبئی انڈینز (ایم آئی) سے چل رہا ہے اور کولکاتا کے کپتان دنیش کارتک نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا لیکن ان کا یہ فیصلہ فی الحال غلط ثابت ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ دراصل کپتان روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کے بلے بازوں نے 20 اووروں میں کولکاتا کے سامنے 195 رن کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔ اتنے بڑے رن کا تعاقب کرنا کولکاتا کے لیے آسان نہیں ہوگا کیونکہ باؤنڈری کافی بڑی ہے۔

ممبئی انڈینز کی شروعات آج خراب رہی جب شیوم ماوی کی گیند پر سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک (1 رن) جلدی آؤٹ ہو گئے۔ لیکن ان کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے آئے سوریہ کمار یادو نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سوریہ کمار یادو کی بدقسمتی یہ رہی کہ وہ اپنی نصف سنچری سے محض 3 رن پیچھے تھے جب رَن آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 28 گیندوں میں 47 رن بنائے اور 6 چوکے و ایک چھکّا لگایا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے سوربھ تیواری نے بھی کچھ اچھے ہاتھ دکھائے لیکن 13 گیندوں پر 21 رن بنا کر سنیل نارائن کا شکار ہو گئے۔


دوسری طرف روہت شرما اپنی تیز بلے بازی جاری رکھے ہوئے تھے اور 18ویں اوور میں جب وہ آؤٹ ہوئے تو 54 گیندوں پر 80 رن بنا چکے تھے۔ انھوں نے 6 چھکّے اور 3 چوکے لگائے۔ جلدہی اچھی بلے بازی کرتے نظر آ رہے ہارڈک پانڈیا ہِٹ وکٹ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 13 گیندوں پر 18 رن بنائے۔ اس کے بعد ممبئی کے بلے بازی کچھ خاص تیزی سے رن نہیں بنا سکے جس کی وجہ سے ٹیم 200 رن کے پیچھے رہ گئی۔ کیرن پولارڈ نے 7 گیندوں پر 13 رن بنائے اور کرونال پانڈیا 3 گیندوں پر محض ایک رن بنا سکے۔

جہاں تک کولکاتا کی گیندبازی کا سوال ہے، سنیل نارائن اور شیوم ماوی نے بہت کفایتی گیندبازی کی۔ سنیل نارائن نے 4 اوور میں 22 رن دے کر ایک وکٹ لیا جب کہ شیوم ماوی نے 4 اوور میں 32 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیا۔ کلدیپ یادو کافی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 39 رن خرچ کر کوئی وکٹ نہیں لیا۔ سندیپ واریر اور کمنس نے بھی 3-3 اوور میں بالترتیب 34 اور 49 رن پھینک ڈالے اور انھوں نے کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کیے۔ اینڈرے رسل نے 2 اوور میں 17 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔