امریکی صدر جو بائیڈن کی حفاظت میں کوتاہی، آناً فاناً میں دوسرے مقام پر منتقل
وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ایک طیارہ اچانک ’نو فلائی زون‘ میں داخل ہو گیا، جس کے پیش نظر صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کی حفاظت میں غفلت کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔ معلومات دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایک طیارہ اچانک ’نو فلائی زون‘ میں داخل ہو گیا، جس کے پیش نظر سیکورٹی ادارے الرٹ ہو گئے اور امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے ڈیلاویئر کے ریہوبوتھ بیچ میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کہا کہ ’’صدر اور ان کی اہلیہ محفوظ ہیں اور کوئی حملہ نہیں ہوا‘‘۔
اہلکار نے بتایا کہ جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن بعد میں اپنی رہائش گاہ پر واپس آ گئے۔ صدر کی حفاظت کے انچارج سیکرٹ سروس نے کہا کہ طیارہ غلطی سے محفوظ علاقے میں داخل ہو گیا تھا۔ سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گوگللمی نے کہا کہ پائلٹ مناسب ریڈیو چینل پر نہیں تھا اور ہدایات پر عمل نہیں کر رہا تھا۔
وائٹ ہاؤس اور سیکرٹ سروس نے کہا کہ ایک چھوٹا پرائیویٹ طیارہ ہفتے کے روز صدر جو بائیڈن کے ڈیلاویئر میں ویکیشن ہوم (چھٹیاں گزارنے والے گھر) کے قریب غلطی سے نو فلائی زون میں داخل ہو گیا تھا، جس سے صدر اور ان کی اہلیہ کو عارضی طور پر محفوظ مقام پر بھیج دیا گیا۔ امریکی خفیہ سروس پائلٹ سے اس واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔