پومپیو نے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ سے عالمی مسئلوں پر بات چیت کی

امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر خارجہ ڈومنیک راب سے فون پر ایران کے نیکلیائی پروگرام سمیت مختلف عالمی مسئلوں پرتبادلہ خیال کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اقوام متحدہ: امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر خارجہ ڈومنیک راب سے فون پر ایران کے نیکلیائی پروگرام سمیت مختلف عالمی مسئلوں پرتبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان موگن اورٹاگس نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔

اورٹاگس نے کہا، ’’وزیر خارجہ مائک پومپیو نے آج برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومنیک راب سے فون پر مختلف اہم عالمی مسئلوں پر بات چیت کی۔دونوں لیڈروں نے شمالی اوقیانوس معاہدہ تنظیم(ناٹو)کو مضبوط کرنے اور ایران کے بڑھتے نیوکلیائی پروگرام سے نمٹنے کی کوششوں پر بھی بات کی۔‘‘


واضح رہے کہ خلیج اومان میں گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز کے نزدیک دو تین ٹینکروں الٹیئر اور کوکوکا کریجیس میں دھماکے کے واقعات اور ایران کے ذریعہ امریک کے خفیہ ڈرون طیارے کو مارگرانے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤبہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔

ایران نے بین الاقوامی نیوکلیائی معاہدے کے تحت یورینیم کی افزائش کی طے حد کو بھی پارکرلیاہے۔ ایران نے 3.67فیصد کی طے حد کو پار کرکے یورینیم کی اپنی افزائش 4.5فیصد تک کرلی ہے۔بین الاقوامی نیوکلیائی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مئی میں ایران نیوکلیائی معاہدے سے اپنے ملک کے الگ ہونے کا اعلان کیاتھا۔اس کے بعد سے ہی دونوں ملکوں کے رشتے بہت ہی تلخ ہوگئے ہیں۔ اس نیوکلیائی معاہدے کے التزام کو نافذ کرنے کے سلسلے میں بھی شک کی صورت حال بنی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ سال 2015میں ایران نے امریکہ ،چین،روس ،جرمنی فرانس اور برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔معاہدے کےتحت ایران نے اس پر لگی اقتصادی پابندیوں کو ہٹانے کے بدلے اپنے نیوکلیائی پروگرام کو محدود کرنے پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔