تنازع کے بعد میٹ گیٹس پیچھے ہٹے، نئے اٹارنی جنرل کے لیے ٹرمپ نے پام بانڈی کو کیا نامزد
پام بانڈی فلوریڈا کی سابق اٹارنی جنرل رہ چکی ہیں۔ مبینہ جنسی بدسلوکی کے تنازع میں نام آنے پر میٹ گیٹس کو ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ ہی اپنی ریپبلکن پارٹی کی بھی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک کا اگلا اٹارنی جنرل پام بانڈی کو بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پام سے پہلے اس عہدہ کے لیے سابق رکن پارلیمنٹ میٹ گیٹس کو نامزد کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا۔ دراصل مبینہ جنسی بدسلوکی کے تنازع میں نام آنے پر میٹ گیٹس کو ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ ہی اپنی ریپبلکن پارٹی کی بھی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس مخالفت سے پریشان ہوکر انہوں نے اپنے قدم پیچھے کھینچ لیے۔
اپنے ایک بیان میں ڈونالڈ ٹرمپ نے ہے کہ کہ مجھے فلوریڈا کے سابق اٹارنی جنرل پام بانڈی کو امریکہ کے اگلے اٹارنی جنرل کے طور پر نامزد کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پام بانڈی نے تقریباً 20 برسوں تک پروزکیوٹر کے طور پر کام کیا اور اس دوران انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے تئیں سخت رخ اپنا کر فلوریڈا کے لوگوں کے لیے محفوظ جگہ بنائی۔
بانڈی کی تقرری کو باضابطہ طور سے نامزد کیے جانے کے بعد سینیٹ کی منظوری کی ضرورت ہوگی لیکن صدارتی انتخاب کے معاونین نے فوراً اس سلیکشن پر راحت کی سانس لی ہے۔ لوگوں کے درمیان یہ بات بڑے پیمانے پر کہی جا رہی تھی کہ بانڈی کی تصدیق کا عمل گیٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہوگا کیونکہ وہ فلوریڈا کی اٹارنی جنرل رہ چکی ہیں اور کیپٹل ہل پر ان کے اچھے تعلق ہیں۔ ٹرمپ کے ایک قریبی شخص نے بانڈی کو 'مضبوط متبادل' قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے امکانات کے بارے میں بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
واضح ہو کہ اسی مہینہ کی 5 تاریخ کو ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ہوئے صدارتی انتخاب میں شاندار جیت حاصل کی ہے۔ انتخاب میں ملی جیت کے بعد وہ اپنی انتظامیہ کو اصل شکل دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ ابھی تک ٹرمپ دفاع اور وزیر خارجہ سمیت کئی اہم عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان کر چکے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو امریکہ کے صدر کے طور پر حلف لیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔